یوکرین کے جوہری پلانٹ کی بندش، یورپ روس توانائی تنازع میں شدت
یوکرین کا زیپپوریزاہزیا پلانٹ یورپ میں سب سے بڑا پلانٹ سمجھا جاتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یوکرین کے سب سے اہم جوہری پاور پلانٹ کی بیرونی پاور لائن ایک بار پھر کٹ گئی ہے جس سے مغربی ممالک میں توانائی کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے) کے حکام نے سنیچر کو اس خدشے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں روس اور مغربی دنیا کے درمیان توانائی کے لیے کشمکش میں تیزی آئی ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے کہا ہےکہ یوکرین کے زیپپوریزاہزیا پلانٹ کی آخری بچی ہوئی بیرونی پاور لائن منقطع ہو گئی ہے۔
یوکرین کا زیپپوریزاہزیا پلانٹ یورپ میں سب سے بڑا پلانٹ سمجھا جاتا ہے۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ سٹیشن میں نصب چھ ری ایکٹرز میں سے صرف ایک کام کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری کے اواخر میں روسی فوجیوں کے یوکرین پر حملے کے بعد سے روس کے زیر کنٹرول یہ پلانٹ تنازع کا ایک مرکزی نکتہ بن گیا ہے، جس میں ہر فریق دوسرے پر گولہ باری کا الزام عائد کر رہا ہے۔
دوسری جانب روسی گیس اور تیل کی برآمدات پر تعطل بھی اس ہفتے بڑھ گیا کیونکہ ماسکو نے جرمنی کے لیے اپنی اہم گیس پائپ لائن کو بند رکھنے کا عزم کیا اور جی سیون ممالک نے روسی تیل کی برآمدات پر منصوبہ بند قیمت کی حد کا اعلان کیا۔
توانائی کی یہ کشمکش روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے یوکرین پر چھ ماہ سے جاری حملے کا نتیجہ ہے جس نے ماسکو اور مغربی ممالک کے درمیان تناؤ پیدا کیا ہے۔