ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر جو بائیڈن کو ’ملک دشمن‘ قرار دے دیا
ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کے اپنے گھر پر گزشتہ ماہ ایف بی آئی کے چھاپے کی مذمت کی(فوٹو: اے ایف پی)
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر جو بائیڈن کو ’ریاست کا دشمن‘ قرار دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے سنیچر کو پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران صدر جو بائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر کے دوران فلوریڈا کے اپنے گھر پر گزشتہ ماہ ایف بی آئی کی جانب سے چھاپے کی مذمت کی۔
اس چھاپے کے بعد پہلی عوامی گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ تلاشی ’انصاف کی دھوکہ دہی‘ تھی اور انہوں نے خبردار کیا کہ اس سے ’ایسا ردعمل سامنے آئے گا جو کسی نے کبھی نہیں دیکھا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ’امریکی آزادی کو درپیش حقیقی خطرات کی اس سے زیادہ کوئی واضح مثال نہیں ہو سکتی کہ صرف چند ہفتے قبل امریکی تاریخ میں کسی بھی انتظامیہ کی طرف سے طاقت کے سب سے حیران کن استعمال کا مشاہدہ کیا گیا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے ولکس بیری شہر میں منعقد ہونے والی ریلی میں اپنے حامیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’قانون کا یہ غلط استعمال‘ ایسا ردعمل پیدا کرے گا جو کسی نے کبھی نہیں دیکھا۔‘
انہوں نے رواں ہفتے جو بائیڈن کی تقریر پر بھی جوابی حملہ کیا جس میں صدر نے کہا تھا کہ ان کے پیش رو اور ریپبلکن پارٹی کے حامی ’انتہا پسندی کی نمائندگی کرتے ہیں جو ہماری جمہوریہ کی بنیادوں کو خطرہ ہے۔‘
جو بائیڈن کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں کو بتایا کہ جو بائیڈن نے ’کسی بھی امریکی صدر کی طرف سے اب تک کی سب سے زیادہ شیطانی، نفرت انگیز اور تفرقہ انگیز تقریر کی ہے۔‘
’وہ ریاست کا دشمن ہے اور آپ یہ جاننا چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم وہ ہیں جو اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بہت سادہ بات ہے۔ جمہوریت کو خطرہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے، دائیں بازو سے نہیں۔‘