Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ٹیم کو شکست، پاکستان کی جیت کی خوشی منانے والا حوالات پہنچ گیا

پولیس کے مطابق ملزم نے میچ جیتنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی تھی (فوٹو: پشاور پولیس)
کسی من چاہے لمحے کی خوشی منانا ہر ایک کا حق سمجھا جاتا ہے لیکن خوشی منانے کا انداز بعض اوقات پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔
کچھ ایسا ہی معاملہ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے مکین کے ساتھ بھی ہوا، جس نے انڈیا سے پاکستان کے میچ جیتنے کی خوشی منائی لیکن خطرناک انداز اپنانے کی وجہ سے پولیس کی گرفت میں آ گیا۔
پیر کو جاری کردہ اپ ڈیٹ میں پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ ’ہوائی فائرنگ کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار‘ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ’ملزم نے گزشتہ شب کرکٹ میچ جیتنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی تھی، اسلحہ برآمد کر کے مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔‘

پولیس کی کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف عمر نواز نے لکھا کہ ’بہت خوب۔ اسی طرح دس پندرہ گرفتار ہوں اور جیل جائیں تو شاید پھر کوئی ہوائی فائرنگ نہ کرے۔‘

ایشیا کپ ٹی 20 2022 میں انڈیا کے خلاف پاکستانی ٹیم کی جیت کو کئی گھنٹے ہو چکے ہیں لیکن سوشل ٹائم لائنز پر اب بھی میچ اور اس میں مختلف کھلاڑیوں کی کارکردگی میمز بھری گفتگو کا اہم موضوع ہے۔

انڈیا کے دیے گئے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ کے دوران کیچ ڈراپ کرنے والے انڈین کھلاڑی کا ذکر بھی ٹائم لائنز پر نمایاں رہا۔
پاکستانی بیٹنگ کے دوران انڈین فیلڈر نے آصف علی کا کیچ ڈراپ کیا تو گراؤنڈ میں موجود انڈین کھلاڑیوں کے ساتھ سکرینز کے سامنے موجود کرکٹ فینز نے بھی انہیں خاصی تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب پاکستانی کرکٹ فینز انڈین کھلاڑیوں کو مشورہ دیتے دکھائی دیے کہ ’آصف علی کا نام یاد رکھیں اور انہیں دوسرا موقع کبھی نہ دیں۔‘
پاکستان کے خلاف ففٹی اننگز کھیلنے والے وراٹ کوہلی کی بیٹنگ اور میچ کے بعد میڈیا سے ان کی گفتگو کا حوالہ دینے والے انڈین بیٹر کو سراہتے رہے۔
وراٹ کوہلی کی گفتگو میں پاکستانی کپتان بابراعظم کا ذکر اور ٹیست کپتانی چھوڑنے کے بعد کسی کے رابطہ نہ کرنے کے حصے خاص طور پر شیئر کیے جاتے رہے۔
پاکستانی کھلاڑیوں باالخصوص محمد رضوان کی عمدہ پرفارمنس پر انہیں سراہا گیا تو انڈین پلیئرز کی میمز کے ذریعے اس کا خوب اظہار بھی کیا گیا۔

پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران سٹیڈیم میں موجود انڈین اداکارہ اروشی روٹیلا کا تذکرہ بھی نمایاں رہا۔ انڈین اداکارہ اس سے قبل پاکستان اور انڈیا کے گروپ مرحلے کے میچ میں بھی میدان میں موجود تھیں۔

انڈین اداکارہ کی گراؤنڈ میں موجودگی کو انڈین ٹیم کے لیے اچھا نہ سمجھنے والوں نے طنزیہ انداز اپنایا تو اروشی روٹیلا کو مخاطب کرکے کہا کہ ’میچ دیکھنے گئی ہیں یا فینسی ڈریس کی نمائش میں۔‘

گروپ سٹیچ کے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد انڈین ٹیم چار ستمبر کو ہونے والے میچ میں پاکستان سے جیت نہیں سکی اور میچ پانچ وکٹوں سے گرین شرٹس کے نام رہا تھا۔

شیئر: