سعودی عرب کے یمنی عوام کی مدد کے لیے جاری منصوبے
اب تک 3 لاکھ 56 ہزار بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن میں جاری انسانی امداد کے مختلف پروگراموں میں اپنی کامیابیوں کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ان انیشیٹوز میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا پروجیکٹ مسام تھا جس نے ستمبر کے پہلے ہفتے کے دوران حوثی ملیشیا کی بچھائی گئی 734 بارودی سرنگوں کو صاف کیا۔
ان بارودی سرنگوں میں 10 اینٹی پرسنل، 306 ٹینک شکن، 415 بغیر دھماکے اور تین دھماکہ خیز تھیں۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات (مسام) کے نام سے حوثیوں کی بچھائی ہوئی باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مسام پروجیکٹ یمن کےعوام کے دکھوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز امدادی سینٹر کے تحت ’مسام منصوبے‘ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
پروگرام کےآغاز سے اب تک 3 لاکھ 56 ہزار 758 بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس نے جولائی کے دوران عدن گورنریٹ کے مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز کے ذریعے 186 معذور افراد کو مختلف طبی خدمات فراہم کیں‘۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ’ شاہ سلمان مرکز نے یمن کی وزارت صحت عامہ اور آبادی کے نیشنل ڈرگ سپلائی پروگرام کو 31 ٹن طبی سامان فراہم کرنے میں بھی فراہم کی ہے‘۔
یمن کے صحت عامہ اور آبادی کے وزیر قاسم بوہیبہ یمن کے صحت کے شعبے میں مملکت کی ’سخاوت مندانہ اور مسلسل حمایت‘ پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔