جازان کی دو تاریخی مساجد شہزادہ محمد بن سلمان کے پراجیکٹ ٹو میں شامل
جازان کی دو تاریخی مساجد شہزادہ محمد بن سلمان کے پراجیکٹ ٹو میں شامل
منگل 6 ستمبر 2022 5:12
جازان ریجن کی مساجد قدیم و جدید فن تعمیر کا خوبصورت امتزاج ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں جازان ریجن کی پرانی مساجد کو بھی تاریخی مساجد کے احیا سے متعلق ولی عہد شہزاہ محمد بن سلمان پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں شامل کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جازان ریجن کی مساجد دینی اہمیت کے علاوہ قدیم و جدید فن تعمیر کے خوبصورت امتزاج کی علامت ہیں۔
جازان کی جن نمایاں مساجد کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ان میں مسجد النجدی بھی شامل ہے۔ یہ وہ مسجد ہے جو 13 برس میں تیار ہوئی تھی۔ اس کا تعمیراتی سامان اور تزئین و آرائش کا کام انڈیا سے کرایا گیا تھا جبکہ اسے تعمیر کرنے کے لیے یمن سے معمار بلائے گئے تھے۔
مسجد النجدی جزیرہ فرسان کے وسطی محلے الصلب میں واقع ہے۔ اسے شیخ ابراہیم التمیمی جو النجدی کے لقب سے معروف تھے، نے 1334ھ مطابق 1915 میں تعمیر کرایا تھا۔ ان کا تعق حوطہ بنی تمیم سے تھا۔ وہ ادریسی سلطنت کے زمانے میں جزیرہ فرسان منتقل ہو گئے تھے۔ وہ موتیوں کے تاجر تھے۔ وہ مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں مشرقی تمدن سے متاثر تھے۔ انڈیا اکثر آتے جاتے رہتے تھے۔
مسجد النجدی کا رقبہ تجدید کے بعد 609.15 مربع میٹر ہو جائے گا۔ امیر محمد بن سلمان پراجیکٹ کے تحت اس مسجد میں نمازیوں کی گنجائش 245 سے بڑھ کر 248 تک پہنچ جائے گی۔
جازان کی جن قدیم مساجد کے احیا کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں مسجد العباسہ بھی شامل ہے۔ یہ عبادت گاہ کے ساتھ درس گاہ بھی ہوا کرتی تھی۔ یہاں قرآن کریم کی تلاوت، کتابت اور تفسیر پڑھائی جاتی تھی۔ یہ جازان ریجن کی ابو عریش کمشنری کے النسیم محلے کے جنوب مشرق میں کنگ فیصل روڈ پر واقع ہے۔ جازان شہر سے 35 کلو میٹر مشرق میں بنی ہوئی ہے۔ اسے مسجد الشریف ابو طالب بھی کہا جاتا ہے۔ یہ 1262ھ مطابق 1845 میں تعمیر کی گئی تھی۔ اس کا کتبہ محراب کے اوپر لگا ہوا ہے۔
مسجد العباسہ میں کئی بار ترمیم بھی ہوئی اور توسیع بھی۔ سب سے بڑی توسیع 1419ھ مطابق 1998 اور 1424ھ مطابق 2003 میں کی گئی تھی۔ مقامی باشندوں نے 1436ھ مطابق 2014 میں آخری بار ترمیم کرائی تھی۔ توسیع کے بعد مسجد کا رقبہ 435.38 مربع میٹر ہوجائے گا اور اس میں 165 نمازیوں کی گنجائش ہوجائے گی۔
تاریخی مساجد کے احیا اور ترمیم و تزئین سے متعلق امیر محمد بن سلمان پراجیکٹ کے تحت مملکت بھر میں 130 مساجد کو شامل کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں 30 تاریخی مساجد کی ترمیم و توسیع اورتزئین کا کام انجام دیا گیا۔ ان میں سے چھ کا تعلق ریاض ریجن، 5 کا مکہ مکرمہ ریجن، 4 کا مدینہ منورہ ریجن، 3 کا عسیر ریجن سے ہے جبکہ جازان، الشرقیہ اور الجوف ریجنوں میں 2، 2 اور نجران، قصیم، باحہ، تبوک، حائل اور حدود شمالیہ سے ایک، ایک مسجد کا انتخاب کیا گیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں