پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش ہو رہی ہے: عمران خان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعوٰی کیا ہے کہ ’پنجاب حکومت کو گرانے کی کوشش ہو رہی ہے۔‘
بدھ کو چشتیاں میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’کوشش کیسے ہو رہی ہے؟ لوگوں کو لوٹا بنانے کی کوشش ہو رہی ہے ان کو آفر دی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مسٹر ایکس اور وائی بھی تیار ہو گئے ہیں اور وہ لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔‘
’میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ تمھیں پاکستان کی کوئی فکر ہے؟‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی واحد وفاقی جماعت کو کمزور کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ’میڈیا میں ہمارے حق میں جو لکھ رہے ہیں یا بات کر رہے ہیں ان کو دھمکایا جا رہا ہے۔ چینلوں اور صحافیوں کو حکم دیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو کوریج نہیں دینی۔ جو مرضی کر لو عمران خان مقابلہ کرے گا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’مسلم لیگ ن کے رہنما کہتے رہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے بغیر تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہو سکتی۔ اب اگر پنجاب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو ن لیگ کے بقول اسٹیبلشمنٹ کی وجہ سے ہو گی۔‘
انہوں نے دعوٰی کیا کہ ’پنجاب حکومت کو گرانے کی سازش اس لیے ہو رہی ہے کہ جو بھاگ کر لندن گیا ہے وہ واپس آ جائیں۔ نواز شریف میں تمھارا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔‘
’مجھے معلوم ہوا کہ اب ایک نیا پلان بن رہا ہے۔ مجھے کہا جارہا ہے کہ سیاست نہیں کرنا سیلاب زرگان کے لیے کام کرنا۔ میں سیلاب کے لیے سب سے زیادہ کام کروں گا لیکن اس کے ساتھ اپنی قوم کی آزادی کی تحریک اور ان چوروں کے خلاف جدوجہد بھی جاری رکھوں گا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’یہ ہمارے جلسوں سے ڈر کر پابندیاں لگا رہے ہیں۔‘