Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک گیر احتجاج، عمران خان آج مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

اس کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام کو ملک کے 36 مقامات پر جمع ہونے کی کال دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے آج سنیچر کو ملک کے مختلف مقامات پر کارکنان اور عوام کو باہر نکلنے کی کال دے رکھی ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان آج گوجرانوالہ میں خطاب کریں گے جہاں وہ مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
جمعے کو سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ کہ کل (سنیچر کو) گوجرانوالہ جلسے میں اپنی تحریک کے موجودہ مرحلے کا آخری جلسہ ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ 
اس کے علاوہ تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام کو ملک کے 36 مقامات پر جمع ہونے کی کال دی گئی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سہ پہر 4 بجے گوجرانوالہ بار سے خطاب کے بعد جناح سٹیڈیم پہنچیں گے جہاں وہ عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ 
راولپنڈی،اسلام آباد، پشاور، صوابی، مردان اور خیبر میں سابق وزیراعظم کے ساتھ اظہار یکخہتی کے لیے مختلف مقامات پر بڑی سکرینیں نصب کی گئی ہیں۔
تحریک انصاف کے مطابق کندھ کوٹ، جیکب آباد، گھوٹکی، شیخوپورہ، قمبر شہداد کوٹ، خیر پور، سکھر، حیدرآباد میں بھی کارکنان جمع ہوں گے۔ 
کراچی میں گلستان جوہر اور کوئٹہ میں پریس کلب لاہور میں لبرٹی چوک،اوکاڑہ، دیپالپور، چنیوٹ، رینالہ خورد، ساہیوال، فیصل آباد میں گھنٹہ گھر پر لوگوں اکٹھا ہونے کی کال دی گئی ہے۔ 
پی ٹی آئی خانیوال، سرگودھا، پاکپتن، لیہ، ملتان،وہاڑی، بہاولنگر، مظفرگڑھ ،لودھراں، بہاولپور، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان میں بڑی سکرینیں نصب کرے گی جن پر عمران خان کا خطاب براہِ راست دکھایا جائے گا۔

شیئر: