بیک وقت دو شادیاں، ایک لڑکی کے رشتے دار نئی کہانی سامنے لے آئے
مریم کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ اس شادی کے خلاف تھے (فوٹو: العربیہ)
بیک وقت دو لڑکیوں سے شادی کرنے والے الجزائری نوجوان رشید بودیوۃ کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
یاد رہے کہ رشید بودیوۃ نے دو لڑکیوں حنان اور مریم سے بیک وقت شادی کی تھی۔ دونوں کی رخصتی بھی ایک وقت ہوئی۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پر حیرت اور تعجب کا اظہار کیا تھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق پہلی لڑکی مریم کے گھر والوں کو دوسری شادی کا علم ہی نہیں تھا۔ میرج ہال پہنچنے پر انہیں پتہ چلا تو وہ حیرت زدہ رہ گئے۔
مریم کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ اس شادی کے خلاف تھے۔ یہ علم ہوگیا تھا کہ دولہا بے روزگار ہے اور اس کی آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ یہ بھی علم تھا کہ اس کے پاس گھر تک نہیں ہے تاہم وہ مریم کی خواہش کے آگے مجبور تھے۔
ایک الجزائری اخبار کے مطابق ’پہلی لڑکی مریم کے اہل خانہ نے اپنی بیٹی کو رواج کے مطابق سونے کے زیورات تحفے کے طور پردیے تھے۔ مبینہ طور پر زیورات فروخت کرکے اس کی جگہ اسی ڈیزائن کے جعلی زیورات رکھ دیے گئے۔ مریم کو اس جعلسازی کا علم تھا مگر اس نے راز کو چھپایا۔‘
مریم کے رشتہ داروں نے یہ بھی بتایا کہ ’رشید بودیوۃ نے مریم کو دوسری دلہن کے بارے میں بتا دیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ اس نے کرائے پر مکان لیا ہے اور دونوں ایک ساتھ رہیں گی۔‘
رشتے داروں کا کہنا ہے کہ ’رخصتی کی تقریب نہیں ہوئی تھی تاہم بعد میں رشید بودیوۃ یہ کہتے ہوئے مریم کو لے کر چلا گیا کہ وہ ہنی مون پر جا رہے ہیں۔‘
’اس نے مریم کو کار میں بٹھایا اور ہمیں دور سے سلام کر کے چلا گیا۔ اس کے بعد وہ دوسری لڑکی حنان کے گھر گیا اور وہاں سے اسے بھی اسی کار میں بٹھا کر میرج ہال لے گیا جہاں اس نے تصاویر بنوائیں اور شہرت حاصل کرنے کے لیے انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔‘
مریم کے رشتہ داروں کا دعوی ہے کہ ’رشید بودیوۃ دوسری شادی کا علم سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا۔ اب مریم سے ہمارا کوئی رشتہ نہیں رہا۔‘
دوسری طرف الجزائری نوجوان نے دو لڑکیوں سے بیک وقت شادی پر اپنے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو بلا جواز قرار دیا ہے۔