سعوی عرب کےلیے فلپائنی کارکنان اور گھریلو عملے کی درآمد بحال
دونوں ملکوں نے تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔( فائل فوٹو اے ایف پی)
سعودی حکومت اور فلپائن نے 7 نومبر 2022 سے سعودی عرب کے لیے فلپائنی کارکنان کی درآمد بحال کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ گھریلو عملہ بھی آنے لگے گا۔
الاقتصادیہ کے مطابق وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے فلپائن کی وزیر تارکین وطن سوزان اوبلی سے ملاقات کی ہے۔
انجینیئر احمد الراجحی نے بتایا کہ’ فریقین نے فلپائن سے سعودی عرب افرادی قوت کی درآمد کی بحالی کے حوالے سے تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’فلپائنی وزیر کے ساتھ بات چیت کے دوران دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور مشترکہ مفادات کے استحکام پر زور دیا گیا‘۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب فلپائنی ورکرز کی پسندیدہ منزل ہے جو بیرون ملک کام کرنے والے ہر پانچ میں سے ایک فلپائنی کی میزبانی کرتا ہے۔
ایک ملین سے زیادہ فلپائنی سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں جن میں زیادہ ترتعمیراتی شعبے، گھریلو عملے اور نرسنگ سے وابستہ ہیں۔
یاد رہے کہ فلپائن نے لیبر اورروزگار کے حقوق سے متعلق مختلف مسائل پر سعودی عرب کارکنان کی درآمد معطل کردی تھی۔