Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہمیں دیوار سے لگانے کا سلسلہ جاری رہا تو زیادہ دیر صبر نہیں ہوگا: عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’اگر ہمیں دیوار سے لگانے کا سلسلہ جاری رہا تو اب ہمارا زیادہ دیر صبر نہیں رہے گا۔ پھر ہمیں عوام کو کال دینا پڑے گی۔‘
عمران خان نے جمعرات کو اسلام آباد میں ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’الیکشنز میں جتنی تاخیر ہوگی اس سے پاکستان کو نقصان پہنچے گا۔‘
’میں دعوے سے کہتا ہوں کہ اس وقت جتنی مقبول تحریک انصاف ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسی مقبولیت کسی پارٹی کو نہیں ملی۔ تحریک انصاف ہی واحد پارٹی ہے جو پورے ملک کو جوڑ کر رکھ سکتی ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’جب 2018 میں ہمیں حکومت ملی تو 20 ارب ڈالر کا بیرونی خسارہ تھا۔ جب سازش کر کے ہماری حکومت گرائی گئی تو انہیں 16 ارب ڈالر کا بیرونی خسارہ ملا۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’جب ہم حکومت میں آئے تو ملکی ذخائر نو ارب ڈالر تھے اور جب ہماری حکومت گرائی گئی تو ملکی ذخائر 16 اعشاریہ دو ارب ڈالر تھے۔‘
عمران خان نے اپنے اور موجود حکومت کے دور کے معاشی اعشاریوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ’عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہوا جبکہ اس حکومت نے مہنگا کر دیا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’عالمی منڈی میں پیٹرول سستا ہوا جبکہ اس حکومت نے مہنگا کر دیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’ان کا زرخرید میڈیا نے ہماری حکومت کے خلاف پروپیگنڈے میں شامل تھا۔ میں ہر جگہ بتاتا رہا کہ دنیا بھر میں مہنگائی ہے۔ اب یہ خود بے نقاب ہو گئے ہیں کیونکہ ان کا مقصد مہنگائی کم کرنا تھا ہی نہیں۔ ان کا مقصد اپنے کرپشن کے کیسز سے بچنا تھا۔‘
’آج میں اپنی ساری قوم سے کہتا ہوں کہ اگر اس ملک کو دلدل سے نکالنا ہے تو فوری طور پر صاف اور شفاف الیکشنز کرانا ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے لوگوں کو دبایا جا رہا ہے۔ ہم پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ یہ فاشسٹ اقدامات ہیں جن سے ملک کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔‘

شیئر: