Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چندی گڑھ یونیورسٹی میں طالبات کی ’نازیبا‘ ویڈیوز لیک ہونے کا معاملہ کیا ہے؟

پولیس نے ویڈیوز بنانے پر ایک لڑکی کو گرفتار کرلیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین ریاست پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں یونیورسٹی کے ایک ہاسٹل میں لڑکیوں کی مبینہ طور پر نازیبا ویڈیوز لیک ہونے پر احتجاج جاری ہے۔
انڈین چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق احتجاج کی شدت بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر ہاسٹل انتظامیہ نے داخلی دروازے بند کردیے تھے تاکہ مزید لڑکیوں کو احتجاج میں شامل ہونے سے روکا جاسکے۔
انڈین میڈیا پر چلنے والی ویڈیوز میں کچھ لڑکیوں کو احتجاج میں شامل ہونے کے لیے دروازے پھلانگتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ احتجاج سنیچر کی رات اس وقت شروع ہوا جب چندی گڑھ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ایک طالبہ کی مبینہ نازیبا ویڈیو لیک ہونے پر خودکشی کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں میں یہ بھی دعویٰ کیا جاتا رہا کہ ہاسٹل میں رہنے والی ایک لڑکی کے فون سے تقریباً 60 لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں۔
تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک بیان میں طالبات کی ویڈیوز بننے یا خودکشی کی کوشش سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کسی بھی لڑکی کی کوئی نازیبا ویڈیو نہیں بنائی گئی سوائے ایک لڑکی کے جس نے خود ویڈیو بنائی اور اپنے دوست سے شیئر کی۔‘
پولیس نے اپنی ویڈیو شیئر کرنے والی طالبہ کو گرفتار کرلیا ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے اپنی ذاتی ویڈیوز ہماچل پردیش میں ایک شخص کو بھیجی تھیں۔
انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق پنجاب کے سینیئر پولیس افسر گرپریت دیو کا کہنا ہے کہ ’تقریباً چار ہزار طالبات ہاسٹل میں رہتی ہیں اور ان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار لڑکی کا فون سائبر کرئم ونگ کو مزید تحقیقات کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو اور بھی وائرل ہوئی ہے جس میں ایک لڑکی کو باقی لڑکیوں کے سامنے یہ اعتراف کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’میں نے ویڈیو بنائی تھی اور ساتھ ہی ڈیلیٹ کردی تھی۔‘

زیر حراست طالبہ کا کہنا ہے کہ تصویر میں نظر آنے والے شخص نے انہیں ویڈیو بنانے کا کہا تھا (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے لڑکیوں کے استفسار پر یہ بھی بتایا کہ کسی باہر کے لڑکے نے ان سے ویڈیو بنانے کا کہا تھا لیکن وہ اس لڑکے کو نہیں جانتیں۔

انہوں نے اپنے موبائل میں ایک لڑکے کی تصویر بھی دکھائی جس نے بقول ان کے انہیں ویڈیو بنانے کے لیے کہا۔

ہماچل پردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس سنجے کنڈو نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی درخواست پر ہماچل پولیس نے چندی گڑھ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ویڈیوز بنانے والی لڑکی کے دوست کو گرفتار کرلیا ہے۔

شیئر: