یہ ایوارڈز عرب خواتین کو کامیابیوں کے لیے ابھارنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ فوٹو ٹرینڈ نیوز
ابوظہبی کے امارات پیلس میں منعقدہ چھٹے فاطمہ بنت مبارک ویمن سپورٹس ایوارڈ میں 2022 میں عرب دنیا کی کامیاب ترین نو شخصیات اور تنظیموں کو فاتح قرار دیتے ہوئے ایوارڈز سے نوازا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق فاطمہ بنت مبارک ویمن سپورٹس اکیڈمی کے زیراہتمام عرب خطے میں اپنی نوعیت کی اس خاص ایوارڈز تقریب کا مقصد کھیلوں کے شعبے میں خواتین کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے منتخب فاتحین میں مصر کی گیانا فاروق کو بہترین عرب ایتھلیٹ کا ایوارڈ ملا۔ امارات کی بہترین ایتھلیٹ کے طور پر مارشل آرٹس کی ماہر شمع یوسف الکلبانی ،مصرکی نوعمر ٹیبل ٹینس سٹار ہانا گوڈا بہترین نوجوان کھلاڑی اور پیرا اولمپک کی بہترین ایتھلیٹ کے طور پر مصر کی پاور لفٹر ریحاب احمد رضوان کو ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
مزید برآں اردن کی تائیکوانڈو سٹار فارس اصاف کو بہترین کوچ قرار دیا گیا۔ عزیزہ نعت صباحہ سپورٹس میڈیا کی بہترین شخصیت اور نوجوانوں کی ترقی کا بہترین پروگرام اردن کی ویمن فٹ بال ایسوسی ایشن کو دیا گیا۔
علاوہ ازیں مصر کی ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے بہترین ٹیم کا ایوارڈ حاصل کیا اور ایمریٹس انٹرنیشنل اینڈورینس ویلج نے بہترین کھیلوں کے تخلیقی اقدام کا ایوارڈ جیتا۔
پرائیڈ آف پلیس ایوارڈ تیونس کی ٹینس سٹار انس جابر کو دیا گیا، ٹینس سٹارنے اس عرصے میں سپورٹس پرسنلٹی آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا، انہوں نے ومبلڈن اور یو ایس اوپن ٹینس کے فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹینس ایسویسی ایشن کی رینکنگ میں اپنا مقام بہتر کیا۔
ایوارڈ ز کے لیے کل انعامی رقم سترہ لاکھ اماراتی درہم رکھے گئے تھے۔
اس تقریب میں شامل فاطمہ بنت مبارک ویمن سپورٹس اکیڈمی کی نمائندہ مریم المنصوری نے بتایا کہ ایوارڈ کیٹیگریز میں گزشتہ مہینوں کے دوران زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا ہے جو عرب کھیلوں میں خواتین کی ترقی،صلاحیت اورعزم ثابت کرتا ہے۔
مریم المنصوری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ کھیلوں کے مقامی اور بین الاقوامی مقابلوں میں عرب خواتین آگے بڑھتی رہیں گی اور یہ ایوارڈز عرب خواتین کے کھیلوں میں نئی کامیابیوں کو ابھارنے میں معاون ثابت ہوں گے۔