Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کو پاکستان سمیت کئی ممالک کے سفرا نے اسناد سفارت پیش کیں

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو جدہ کے قصر السلام میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں پاکستان سمیت برادر اور دوست ممالک کے نئے سفرا سے اسناد سفارت وصول کی ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے لیے پاکستان کے نئے سفیر امیر خرم راٹھور کے علاوہ سری لنکا، ڈومینیکن، سپین، گنی بساؤ، انڈونیشیا، پرتگال، پیرو، بنین، بحرین، کرغزستان، الجزائر اور ویتنام کے سفرا نے اسناد سفارت پیش کی ہیں۔

 پاکستان کے نئے سفیر امیر خرم راٹھور نے بھی سفارت اسناد پیش کیں(فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے برادر اور دوست ممالک کے سفرا کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں اپنے اپنے ملکوں کے قائدین کے لیے خیرسگالی کے پیغامات حوالے کیے۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ تمام سفرا اپنے ملکوں کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کو جدید خطوط پراستوار کرنے اورمضبوط بنانے کے مشن میں سرخرو ہوں۔
نئےسفرا نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اپنے ممالک کے قائدین کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات حوالے کیے۔ انہوں نے ضیافت اور پرجوش استقبال پر ممنونیت کا اظہار کیا ہے۔
 اس موقع پر ایوان شاہی کے سربراہ فہد العیسی، شاہی پروٹوکول کے سربراہ خالد العباد، نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی، معاون شاہی نجی سیکریٹری تمیم بن عبدالعزیز السالم بھی موجود تھے۔

شیئر: