سائفر کی تحقیقات کرائی جائیں توپارلیمنٹ واپس آسکتے ہیں: عمران خان
سائفر کی تحقیقات کرائی جائیں توپارلیمنٹ واپس آسکتے ہیں: عمران خان
ہفتہ 24 ستمبر 2022 16:30
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے کردار سے متعلق کہا کہ ’پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے اور ملک میں اختیارات اس کے پاس ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارلیمنٹ میں واپسی کو امریکی سائفر کی تحقیقات سے مشروط کر دیا ہے۔
سنیچر کو اسلام آباد میں بنی گالہ اپنی رہائش گاہ پر معاشی امور کے رپورٹرز سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ’پارلیمنٹ واپس آ سکتا ہوں اگر امریکی سائفر سے متعلق تحقیقات کرائی جائیں۔‘
عمران خان سے ملاقات کرنے والے معاشی امور کے رپورٹر مہتاب حیدر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’عمران خان نے پارلیمنٹ میں واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اگر حکومت امریکی سائفر کی تحقیقات کروائے تو وہ پارلیمنٹ میں واپس آ سکتے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے کردار سے متعلق کہا کہ ’پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے اور ملک میں اختیارات اس کے پاس ہیں۔ ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات کب اور کیسے خراب ہوئے، اس کا علم نہیں۔‘
’اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات حکومت کے لیے ضروری ہوتے ہیں‘
مہتاب حیدر کے مطابق عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات حکومت کے لیے ضروری ہوتے ہیں، ہم اپوزیشن میں ہیں اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے ان سے تعلقات کیسے ہو سکتے ہیں؟
سابق وزیراعظم عمران خان نے معیشت سے متعلق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مفتاح اسماعیل کینسر کا علاج ڈسپرین سے کر رہے ہیں۔ شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل نے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ حکومت کی ترجیح معیشت نہیں اپنے کرپشن کے کیسز ختم کرنا ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی نے خارجہ پالیسی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انڈیا کی برتری اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی خارجہ پالیسی پاکستان کی نہیں ہو سکتی، ہم خطے میں تمام ممالک سے بہتر تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔ امریکہ سے تعلقات ملکی مفاد کے تحت چاہتا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار اب وطن واپسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ حکومت اپنے اوپر تمام کیسز ختم کرنے آئی ہے، جلد نواز شریف بھی وطن واپسی کی تیاری کریں گے۔
عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران مزید کہا ہم پہلی مرتبہ حکومت میں آئے اس لیے کچھ غلطیاں بھی ہوئیں، لیکن اب ہم اقتدار میں آئے تو غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی۔
’عمران خان حقیقی آزادی تحریک کے حتمی مرحلے کا اعلان کریں گے‘
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان آج حقیقی آزادی تحریک کے حتمی مرحلے کا اعلان کریں گے۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق عمران خان آج رحیم یار خان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور حقیقی آزادی تحریک کےحتمی مرحلے کا اعلان کریں گے۔