Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے احتجاج میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے گئے؟

آزاد ذرائع ابلاغ کے مطابق سوشل میڈٰیا پر وائرل ویڈیو کو غلط معنی دے کر پیش کیا جارہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈین ریاسٹ مہاراشٹر میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے احتجاج کے دوران پونے میں مبینہ طور پر ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے گئے جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق سنیچر کو پی ایف آئی کے کارکنان نے جماعت کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے خلاف پونے میں کلیکٹر آفس کے باہر احتجاج کیا اور اسی دوران ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے گئے۔
اکنامکس ٹائمز کے مطابق اس احتجاج کے دوران پولیس نے تقریباً 40 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ایک  ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پی ایف آئی کے حامیوں کی جانب سے ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگاتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
خیال رہے پی ایف آئی کے خلاف انڈیا کی مختلف ریاستوں میں کارروائیاں جاری ہیں اور پولیس کی جانب سے چھاپوں میں دہشتگردی میں ملوث ہونے کے الزام میں اب تک 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
پاکستان کی حمایت میں لگنے والے نعروں پر انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین اور سیاست دانوں کی جانب سے غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
راج ٹھاکرے نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں لکھا کہ ’اگر پاکستان زندہ باد اور اللہ اکبر جیسے نعرے پونے شہر میں لگائے جائیں گے تو ہمارے ملک کے ہندو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔‘

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما امر پرساد ریڈی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پاکستانی نعروں کی انڈیا میں کوئی جگہ نہیں۔‘
تاہم کچھ انڈین صحافیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ احتجاج میں ’پاکستان زندہ باد‘ جیسا کوئی نعرہ نہیں لگایا گیا بلکہ احتجاج کے شرکاء پاپولر فرنٹ زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔
انڈین فیک چیکنگ ویب سائٹ ’آلٹ نیوز‘ اس حوالے سے ایک پوری تحقیق کی ہے اور ان کی تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ پونے میں ہونے والے احتجاج میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے نہیں لگائے گئے۔
پی ایف آئی ایک اسلامی تنظیم ہے جس پر حکومت کی جانب سے انتہاپسندی میں ملوث ہونے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
یہ 2006 میں نیشنل ڈویلپمنٹ فرنٹ (این ڈی ایف) کی جانشین کے طور پر سامنے آئی تھی جس میں دیگر تنظیمیں بھی بعدازاں شامل ہو گئی تھیں۔
پی ایف آئی خود کو ایک سماجی تنظیم قرار دیتی ہے۔

شیئر: