فورم کا انعقاد 2022 کے سعودی کافی سال انیشیٹو کا حصہ ہے ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت ثقافت سعودی کافی کی ویلیو چین اور پائیداری کے متعلقہ معاشی، سماجی اور ماحولیاتی پہلوؤں پر بات کرنے کے لیے یکم سے دواکتوبر تک جازان میں سعودی کافی سسٹین ایبلٹی فورم کا انعقاد کررہی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ فورم 2022 کے سعودی کافی سال انیشیٹو کا حصہ ہے جسے کوالٹی آف لائف پروگرام کا تعاون حاصل ہے۔
سعودی عرب دنیا میں کافی کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے اور ملکی معیشت کو متنوع بنانے کے لیے وژن 2030 کے منصوبوں کے مطابق اس کی پیداوار میں خود کفالت کا حصول بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔
فورم چار اہم پہلوؤں پر بحث کرے گا جن میں کافی بطور قومی دولت‘، ’ کافی ثقافت اور معاشرہ‘،’ کافی اور ماحولیات کی ہیومنائزیشن اور ’ کافی اور ہیلتھ‘ شامل ہیں۔
فورم میں سعودی کافی کے شعبے میں سٹیک ہولڈرز کی کوششوں اور منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک نمائش شامل ہو گی۔ اس کےعلاوہ کافی کی صنعت کے کارکنوں کو ہدف بنانے والی متعدد خصوصی ورکشاپس جن میں محققین، پالیسی ساز، لیبرمارکیٹ کے ماہرین، ماحولیات کے ماہرین اور صحت اور غذائیت کے ماہرین شامل ہیں۔
سعودی وزارت ثقافت اس ایونٹ کے ذریعے سعودی کافی کو مملکت کے ورثے کے آئیکون کے طور پر بلند کرنے، متعلقہ سائنسی تحقیق کو شیئر کرنے، بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو فعال کرنے، ان کی مہارت سے فائدہ اٹھانے، چیلنجوں سے نمٹنے اور بہترین طریقوں کا جائزہ لینے کی کوشش کرتی ہے۔