’قرضوں میں ریلیف‘، چین کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے: بلاول
’قرضوں میں ریلیف‘، چین کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے: بلاول
بدھ 28 ستمبر 2022 17:34
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا طالبان کے ساتھ رابطے میں رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بدترین سیلاب کے بعد عالمی امدادی سرگرمیاں بڑی طاقتوں کی دشمنیوں اور جیو سٹریٹیجک مسائل کا شکار نہیں ہوگی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ساتھ ایک انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ کے ریمارکس کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی چین کے ساتھ ’بہت نتیجہ خیز بات چیت‘ ہوئی ہے اور امید کرتے ہیں کہ تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد عالمی امدادی سرگرمیاں بڑی طاقتوں کی دشمنیوں اور جیو سٹریٹیجک مسائل کا شکار نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ امریکہ چاہے گا کہ ہم چین کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کریں۔‘
امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے قریبی شراکت دار چین سے قرضوں میں ریلیف طلب کرے کیونکہ سیلاب نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔
پیر کو واشنگٹن میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ ’ہم ایک سادہ پیغام بھیجتے ہیں۔ ہم یہاں پاکستان کے لیے ہیں، جیسا کہ ہم ماضی کی قدرتی آفات کے دوران تھے۔‘
’بین الاقوامی تنازعات پر توجہ کی ضرورت‘
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم ان تنازعات پر توجہ دینا شروع کر دیں جنہیں اقوام متحدہ جیسے اداروں نے بین الاقوامی نوعیت کے تنازعات کے طور پر تسلیم کیا ہے تو یہ زیادہ نتیجہ خیز ہوگا۔‘
پاکستان کے وزیر خارجہ کشمیر کا حوالہ دے رہے تھے جو انڈیا اور پاکستان کے درمیان تین جنگوں کا باعث بن چکا ہے۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر دیا تھا۔ اس کے بعد دیگر انڈین شہریوں کے لیے کشمیر میں رہائش اور جائیدادیں خریدنے کا راستہ کُھل گیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 2010 میں ان کی پارٹی کی حکومت نے انڈیا کے ساتھ تجارت شروع کی تھی۔ اس وقت انڈیا میں من موہن سنگھ وزیراعظم تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی خطرہ مول لینے کے لیے تیار تھے کیونکہ ہم جانتے تھے کہ وہاں ایک معقول شخص موجود ہے جو ہمیں مثبت جواب دے گا تاہم ’بدقسمتی سے آج وہ گنجائش موجود نہیں۔ یہ ایک مختلف انڈیا ہے۔‘
’دنیا طالبان کے ساتھ رابطے میں رہے‘
افغانستان کے حوالے سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پھر سے افغانستان کے موجودہ حکمرانوں کو تنہا کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری چاہتے ہیں کہ دنیا طالبان کے ساتھ رابطے میں رہے۔
’ہم نے ماضی سے سیکھا ہے کہ جب ہم اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتے اور اس کو نظر انداز کرتے ہیں تو ہم اپنے لیے غیر ارادی طور پر منفی نتائج اور مزید مسائل پیدا کر رہے ہوتے ہیں۔‘