وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی۔
وزیر خزانہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سماجی، سیاسی، مذہبی اور ثقافتی اقدار پر مبنی غیر معمولی تعلقات ہیں۔ وزیر خزانہ نے 3 ارب ڈالر کے ذخائر کے رول اوور کی اجازت دینے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر سعودی فنڈ برائے ترقی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیر خزانہ کو وزارت خزانہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے طویل المدتی تعلقات کو اجاگر کیا اور پاکستان میں باہمی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو جاری رکھنے پر مملکت سعودی عرب کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ آخر میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالہ سے سعودی حکومت کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔