مبینہ آڈیو: ’کسی صورت امریکہ کا نام نہیں لینا‘
جمعہ 30 ستمبر 2022 13:52
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
عمران خان کے ساتھ میٹنگ میں اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر موجود تھے۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
سابق وزیراعظم عمران خان کی ایک اور مبینہ آڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ پرنسپل سیکریٹری اعظم خان، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سے امریکی سائفر سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
جمعے کو سامنے آنے والی ایک اور مبینہ آڈیو لیک میں بھی عمران خان امریکہ سے آنے والے سائفر سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں اور اپنی میٹنگ میں شریک مذکورہ بالا تینوں افراد کو ہدایات دے رہے ہیں کہ کسی صورت امریکہ کا نام نہیں لینا۔
’اس ایشو پر پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے، یہ بہت اہم ہے آپ سب کے لیے۔ کس ملک سے لیٹر آیا ہے میں کسی کے منہ سے اس کا نام نہیں سننا چاہتا۔‘
اس پر سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی آواز سنائی دیتی ہے اور وہ کہتے ہیں کہ آپ جان کر اس کو لیٹر کہہ رہے ہیں کیونکہ یہ لیٹر نہیں میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے؟
عمران خان اس پر جواب دیتے ہوئے سنائی دیتے ہیں کہ ’وہی ہے نا میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے لیٹر ہے ایک ہی چیز ہے۔ لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی سمجھ تو نہیں آنی تھی نا آپ پبلک جلسے میں تو یہی کہتے ہیں۔‘
آڈیو کے ابتدا میں سابق وزیراعظم عمران خان سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’شاہ جی! ہم نے ایک میٹنگ کرنی ہے کل۔۔۔ آپ نے ہم تینوں نے اور وہ فارن سیکرٹری نے، اس میں ہم نے صرف کہنا ہے کہ چپ کر کے اس لیٹر کے منٹس اپنے پاس لکھ لینے ہیں۔ اعظم کہہ رہا ہے اس کے منٹس بنا لیتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کی سیاست میں آج کل آڈیو لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔ جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے علاوہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز کی آڈیو لیک ہوئی تھی۔
اب تک سامنے آنے والی آڈیوز کی کسی بھی فریق نے تردید نہیں کی بلکہ اسے تسلیم کیا ہے۔