Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آڈیو لیکس سکیورٹی لیپس ہے،‘ وزیراعظم کا تحقیقات کا اعلان

شہباز شریف نے کہا کہ ’مریم نواز نے مجھ سے اپنے داماد کے لیے سفارش کا نہیں کہا‘ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’آڈیو لیکس بہت اہم معاملہ ہے، میں نوٹس لے رہا ہوں۔ اعلٰی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے رہا ہوں جو اس معاملے کا جائزہ لے گی۔‘
منگل کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’آڈیو لیکس کے بعد باہر سے پاکستان کے وزیراعظم سے ملنے کون آئے گا؟ یہ سکیورٹی لیپس ہے۔‘
’یہ میری بات نہیں پاکستان کی عزت کی بات ہے۔ اس طرح کا سکیورٹی لیپس بہت بڑا سوالیہ نشان ہیں۔‘
شہباز شریف نے آڈیو لیکس سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’مریم نواز نے مجھ سے اپنے داماد کے لیے سفارش کا نہیں کہا، انہوں نے مجھ سے بات نہیں کی بلکہ ڈاکٹر توقیر سے بات کی تھی۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’مریم نواز کے داماد نے آدھی مشینری عمران خان دور میں منگوائی تھی۔‘
شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کیا میری گفتگو میں ہیرے جواہرات کا کوئی ذکر تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان مجھے کہتے ہیں کہ میں پیسے مانگنے باہر جاتا ہوں تو کیا یہ پیسے بانٹنے باہر جاتے تھے؟‘

’عمران خان نے آرمی چیف کو ایکسٹینشن دی تو کیا ہم سے مشورہ کیا تھا‘

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ’جب عمران خان نے ایکسٹینشن دی تھی تو کیا انہوں نے ہم سے مشاورت کی تھی۔ ہم جو بھی فیصلہ کریں گے آئین اور قانون کے مطابق کریں گے۔‘

شہباز شریف نے کہا کہ ’مریم نواز نے مجھ سے بات نہیں کی بلکہ ڈاکٹر توقیر سے بات کی تھی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’عالمی رہنماؤں سے حوصلہ افزا ملاقاتیں‘

اپنے حالیہ غیرملکی دورے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ’شنگھائی کانفرنس اور اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئیں، بین الاقوامی برادری نے سیلاب کی صورتحال پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’شنگھائی کانفرنس میں موجود عالمی رہنماؤں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر پاکستان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا، اسی طرح اقوام متحدہ میں بھی اسی پہلو کو اجاگر کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عالمی رہنماؤں کو بتایا کہ کس طرح سیلاب کی تباہ کاریوں سے 1600 سے زائد لوگ ہلاک ہوئے اور 30 ارب ڈالر کے لگ بھگ نقصان ہوا۔‘
شہباز شریف نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان کی امداد کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کا شکریہ ادا کیا اور ’جو بائیڈن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کے لیے جو کچھ ہوا کریں گے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’عمران خان مجھے کہتے ہیں کہ میں پیسے مانگنے باہر جاتا ہوں تو کیا یہ پیسے بانٹنے باہر جاتے تھے؟‘ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ ’اقوام متحدہ میں کشمیر، فلسطین اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے بھرپور موقف پیش کیا۔ انڈیا میں مسلمانوں کے ساتھ جو ناروا سلوک ہو رہا ہے اس پر بات کی۔‘
شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ ’پاکستان عالمی تنہائی سے نکل آیا ہے، پچھلی حکومت نے جیسے دوست رہنماؤں کو ناراض کیا میں اس کا عینی شاہد ہوں۔ دوست ممالک کے سربراہوں نے جو الفاظ کہے بتا نہیں سکتا۔‘

’آڈیو لیکس، وزیراعظم آفس کے عملے کی نقل و حرکت محدود‘

دوسری جانب انٹیلی جنس ذرائع نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ’آڈیو لیکس کے معاملے میں کوئی گرفتاری ہوئی یا کی جا رہی ہے اس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کیونکہ جس سطح پر یہ تحقیقات کی جا رہی ہیں وہاں سے معلومات کا باہر آنا کسی نئی لیک کے مترادف ہوگا۔‘
حکام کے مطابق آئی بی حکام نے وزیر اعظم اور وزیراعظم آفس کے عملے کے ان افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔ 
اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے بتایا کہ ’تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔‘

شیئر: