امل کلونی اور جارج کلونی’ایلبی ایوارڈز‘ کی تقریب کے میزبان
امل کلونی اور جارج کلونی’ایلبی ایوارڈز‘ کی تقریب کے میزبان
ہفتہ 1 اکتوبر 2022 21:43
تقریب کا نام جنوبی افریقہ کے سابق جج جسٹس ایلبی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
انسانی حقوق کی وکیل لبنانی نژاد برطانوی امل جارج کلونی اور ان کے امریکی اداکار شوہرجارج کلونی نے رواں ہفتے پہلی بار ایلبی ایوارڈزکی تقریب کی میزبانی کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ تقریب معروف شخصیات کے جوڑے کی طرف سے ان افراد کے اعزاز میں منعقد کی گئی جنہوں نے انصاف کے حصول کے لیے ذاتی خدمات انجام دیں اور اپنی زندگیاں وقف کر دیں۔
نیویارک میں منعقد ہونے والی ایوارڈز کی اس تقریب کا نام جنوبی افریقہ کے وکیل، کارکن، مصنف اور سابق جج جسٹس ایلبی سیکوس کے نام پر رکھا گیا ہے۔
87 سالہ جسٹس ایلبی سیکوس نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ایسے افراد کے دفاع کے لیے وقف کر دیا جن پر نسل پرستانہ قوانین اور جابرانہ حفاظتی قوانین کے تحت الزامات عائد کیے گئے۔
تقریب کے دوران امل کلونی کو سرخ قالین پر چاندی اور سونے کی تاروں سے مزین موتیوں والا انتہائی قیمتی گاؤن پہنے ہوئے سرخ قالین پر چلتے دیکھا گیا جب کہ ان کے شوہر امریکی اداکار جارج کلونی نے سیاہ سوٹ زیب تن کر رکھا گھا۔
کلونی فاؤنڈیشن فار جسٹس کی اس ایوارڈز تقریب میں معروف اداکار آسکر آئزک، معروف برطانوی گلوکارہ دعا لیپا، برطانوی کامیڈین جان اولیور، ادارکارہ جولیا رابرٹس،اداکارہ ڈریو بیری مور، اداکارہ میریل سٹریپ اورامریکی اداکار ایتھن ہاک سمیت دیگر مشہور عالمی شخصیات نے شرکت کی۔