مختلف اشتہاروں میں ماڈل انڈسٹری کے بڑے ناموں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی ماڈل امیرہ الزوہیر رواں ہفتے واکنگ فیشن شوز سے لے کر معروف برانڈز کے فیشن کو آگے بڑھانے کے لیے نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ملبوسات کی امریکی لگژری برانڈ کی نئی کولیکشن میں ماڈلنگ کرنے والی21سالہ کیٹ واک سٹار پیرس میں پیدا ہوئیں ان کی والدہ فرانسیسی اور والد سعودی ہیں۔
لندن میں پرورش پانے والی ابھرتی ہوئی ماڈل نے سوشل میڈیا پر اپنے 32300 فالوورز کے ساتھ اپنی تازہ ترین تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مجھے ایک بہترین اور حیرت انگیز ٹیم کے ساتھ ماڈلنگ کی شوٹنگ میں بہت مزہ آیا، اور انہوں نے معروف برانڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اس کے بعد امیرہ نے ایلیٹ ماڈل مینجمنٹ اور اس کے ایجنٹوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس خاص ایونٹ کو ممکن بنایا۔
ماڈل امیرہ نے کنگز کالج لندن سے فلسفہ، سیاست اور معاشیات میں بیچلر کی ڈگری فرسٹ کلاس آنرز کے ساتھ حاصل کی ہیں۔
عرب نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں سعودی ماڈل نے کہا کہ چونکہ ان کا خاندان اکثر برطانیہ اور ریاض کے درمیان سفر کرتا ہے اس لیے وہ مملکت سے مضبوط ثقافتی اور جذباتی لگاؤ رکھتی ہیں۔
مجھے سعودیہ سے محبت ہےاور میں یہاں ثقافت، تعلیم، معیشت اور انفراسٹرکچر میں ترقی کی ہمیشہ تعریف کرتی ہوں۔
امیرہ الزوہیر نے ماڈل کے طور پر مختلف اشتہاروں میں ماڈل انڈسٹری کے کچھ بڑے ناموں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔