مدت پوری ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہو جاؤں گا: آرمی چیف
آرمی چیف نے رواں سال 29 نومبر کو ریٹائر ہونا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکہ کے دورے پر موجود پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے دوسری تین سالہ مدت پوری ہونے پر عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق امریکہ کے دورے کے دوران واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی تقریب میں غیر رسمی گفتگو کے دوران آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مسلح افواج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہے۔
پی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف نے اپنی دوسری تین سالہ مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہونے کا عندیہ دیا۔
یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں ایک پریس کانفرنس میں بھی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے واضح کیا تھا ’آرمی چیف نہ تو مدت ملازمت میں توسیع طلب کر رہے ہیں اور نہ ہی قبول کریں گے، آرمی چیف اپنی مدت پوری کر کے رواں سال 29 نومبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔‘
واشگنٹن میں غیر رسمی گفتگو کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ ’ملک کی لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔‘
پاکستانی اخبار ڈان کے مطابق آرمی چیف پینٹاگون بھی گئے جہاں انہوں نے امریکی سیکرٹری دفاع لائئڈ آسٹن سے بھی ملاقات کی اورعلاقائی سلامتی اور باہیمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔