انڈیا میں ٹرک سے تصادم کے بعد بس میں آگ، 12 ہلاک، 43 جھلس گئے
حادثے کے وقت بس میں زیادہ تر مسافر سو رہے تھے( فوٹو اے پی)
مغربی انڈیا میں ہائی وے پر ٹرک سے ٹکرانے کے بعد ایک مسافر بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 12 مسافر ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پولیس افسر بھگوان اڈکے نے بتایا کہ’ آگ سے مزید 43 مسافر شدید جھلس گئے جنہیں ریاست مہاراشٹر کے شہر ناسک کے ایک ہسپتال لے جایا گیا‘۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی کے مطابق جب مسافر بس میں صبح 5 بجے کے قریب آگ لگی اس وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے، آگ لگنے سے بس مکمل طور پر جل گئی۔
پولیس افسر بھگوان اڈکے نے بتایا کہ ’ہائی وے کے قریب رہنے والے کچھ لوگ موقع پر پہنچ گئے لیکن آگ نے بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔‘
ایڈکے نے مزید بتایا کہ ’فائر سروس اور پولیس نے آگ پر قابو پانے کے بعد ریسکیو کا کام شروع کیا‘۔
ریاست کے عہدیدار ایکناتھ شندے نے کہا کہ’ آگ لگنے کی تحقیقات کی جارہی ہیں‘۔
دوسری جانب انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ وہ بس سانحہ پر غمزدہ ہیں۔
مودی نے ٹویٹ کیا کہ ’مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے‘۔
واضح رہے کہ ناسک مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مشرق میں ہے۔
انڈیا کی شاہراہوں پر سالانہ لاکھوں افراد ہلاک یا زخمی ہوتے ہیں۔ زیادہ تر حادثات کا ذمہ دار لاپرواہی سے ڈرائیونگ، خراب شاہراہوں اور پرانی گاڑیوں کو ٹھہرایا جاتا ہے۔