سعودی دارالحکومت ریاض میں جرمن سفارت خانے کے مطابق رواں ماہ سے شینگن ویزوں کے لیے درخواستیں صرف نئی سروس فراہم کنندہ ٹی ایل ایس کانٹیکٹ کے پاس ہی درج کی جا سکتی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ستمبر 2022 کے آخر تک شینگن ویزے کے لیے درخواستیں وی ایف ایس گلوبل ویزا سروس کے پاس درج کی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب میں آن لائن سیاحتی ویزا کن ممالک کو ملے گا؟Node ID: 435771
-
سیاحت کا فروغ: غیر ملکیوں کے لیے ’عرب شینجن ویزہ‘Node ID: 445621
جرمن سفارت خانے نے ٹویٹ میں کہا کہ ’اکتوبر 2022 سے جرمنی کے شینگن ویزے کے لیے درخواستیں صرف نئی سروس فراہم کنندہ ٹی ایل ایس کانٹیکٹ کے پاس ہی درج کی جا سکتی ہیں۔ ریاض، جدہ اور الخوبر میں ٹی ایل ایس ایپلی کیشن سینٹرز آپ کی خدمت میں حاضر ہوں گے۔‘
جرمن سفارت خانے کے مطابق ٹی ایل ایس کانٹیکٹ ایپلی کیشن سینٹرز نے اس ہفتے کام شروع کیا ہے۔ ریاض سینٹر 4 اکتوبر سے، جدہ سینٹر 5 اکتوبر سے اور الخوبر سینٹر 6 اکتوبر سے کام کر رہا ہے۔
ویزا اپائنٹمنٹ ابتدائی طور پر محدود تعداد میں دستیاب ہوں گے۔
ریاض میں جرمن سفارت خانے نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’اگر آپ اکتوبر یا نومبر میں جرمنی کے دورے کا ارادہ کر رہے ہیں تو براہ کرم اپنی ویزا اپائنٹمنٹ پہلے سے بُک کر لیں۔‘
جرمن سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’وہ تمام درخواست دہندگان جنہوں نے ستمبر کے آخر تک اپنی درخواستیں وی ایف ایس گلوبل میں جمع کرائی ہیں، انہیں اپنے پاسپورٹ وی ایف ایس گلوبل کے ذریعے واپس مل جائیں گے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اکتوبر سے جرمنی کے لیے ویزا کی درخواستیں صرف ٹی ایل ایس کانٹیکٹ کے ذریعے درج کی جا سکتی ہیں‘۔
شینگن ویزے کے لیے درخواست دینے کے لازمی اقدامات میں ویڈیکس فارم کو مکمل کرنا, ٹی ایل ایس ویب سائٹ پر اندراج، معاون دستاویزات کی تیاری، اپوائنٹمنٹ لینا، درخواست جمع کروانا، ایپلی کیشن سینٹر پر بائیو میٹرک ڈیٹا فراہم کرنا اور پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے سینٹر واپس جانا شامل ہے۔ درخواست گزار ایکسپریس کوریئر سروس بھی استعمال کر سکتا ہے۔