Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترسیلات زر میں کمی، اوورسیز نے دو ارب 40 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجے

ستمبر میں مجموعی ترسیلات زر دو ارب 40 کروڑ ڈالر رہی۔ فوٹو: اے ایف پی
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والے ترسیلات زر میں کمی واقع ہوئی ہے۔
رواں سال ستمبر میں مجموعی ترسیلات زر دو ارب 40 کروڑ ڈالر رہی جو اگست 2022 کے مقابلے میں 10.5 فیصد جبکہ ستمبر 2021 کے مقابلے میں 12.3 فیصد کم ہیں۔  
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا ستمبر 2022 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 7 ارب 70 کروڑ ڈالر بھیجے جو گزشتہ سال کے اِسی دورانیے سے 6.3 فیصد کم ہیں۔
یعنی گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران غیرملکی ترسیلات زر میں 6.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترسیلات زر بھیجنے والے ممالک میں مقیم پاکستانیوں میں ہمیشہ کی طرح سعودی عرب میں مقیم پاکستانی پہلے نمبر پر ہیں جنھوں نے ستمبر میں مجموعی طور پر 61 کروڑ 66 لاکھ ڈالر بھجوائے جو اگست میں 69 کروڑ 18 لاکھ تھے، جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ رقم 71 کروڑ 95 لاکھ روپے تھے۔
یوں سعودی عرب سے ترسیلات زر میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔  
اسی طرح متحدہ عرب امارات سے ترسیلات زر ستمبر میں 47 کروڑ 43 لاکھ ڈالر رہی جبکہ اگست میں یہ رقم 53 کروڑ 14 لاکھ ڈالر تھی۔

ستمبر میں مجموعی ترسیلات زر دو ارب 40 کروڑ ڈالر رہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دیگر خلیجی ممالک سے ایک ماہ میں ترسیلات زر 5 لاکھ ڈالر کم ہو کر 30 کروڑ سے 29 کروڑ 95 لاکھ جبکہ یورپی ممالک سے ترسیلات زر 27 کروڑ 48 لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 25 کروڑ 96 لاکھ ہو گئی ہیں۔  
سٹیٹ بینک کے مطابق امریکہ سے ترسیلات زر 29 کروڑ 43 لاکھ ڈالر سے کم ہو کر 26 کروڑ 81 لاکھ تک آ گئی ہیں۔
برطانیہ سے بھی ترسیلات زر میں کمی آئی ہے جو 36 کروڑ 97 لاکھ سے کم ہو کر 30 کروڑ 78 لاکھ ڈالر ہو گئی ہیں۔  
خیال رہے کہ کورونا کے دوران ترسیلات زر کی شرح مسلسل اوپر جاتی رہی ہے جو ماہانہ 2 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔ 

شیئر: