جولائی میں ترسیلات زر میں کمی، ’عید کی وجہ سے کاروباری دن کم تھے‘
جولائی 2022 میں سب سے زیادہ ترسیلات زرسعودی عرب سے ہوئیں(فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مرکزی بینک سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ اعداد شمار کے مطابق جولائی میں بیرون ملک پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر میں گزشتہ برس اس ماہ کی نسبت 8.6 فیصد کمی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے منگل کو جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2022 میں اڑھائی ارب ڈالرز کی رقوم بیرون ملک سے موصول ہوئیں۔
بیرون ملک سے بھیجی گئی رقوم میں سعودی عرب سرفہرست رہا۔
پریس ریلیز کے مطابق’ ترسیلات زر نے مسلسل 26 مہینوں تک 2 ارب ڈالر سے زائد کی ریکارڈ آمد کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔‘
’نمو کے لحاظ سے جولائی 2022 کے دوران ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیادوں پر 8.6 فیصد اور سال بہ سال بنیادوں پر 7.8 فیصد کمی ہوئی۔‘
’یہ کمی بڑی حد تک جولائی میں عید کے سبب کاروباری دنوں کی کم تعداد(17) کی وجہ سے ہوئی جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں کاروباری دنوں کی تعداد 22 دن اور جولائی 2021 میں 18 رہی تھی۔‘
سٹیٹ بینک کے مطابق ’جولائی 2022 میں سب سے زیادہ ترسیلات زر (580.6 ملین ڈالر) سعودی عرب سے ہوئیں جبکہ متحدہ عرب امارات سے 456.2 ملین ڈالر، برطانیہ سے 411.7 ملین ڈالر اور امریکہ 254.3 ملین ڈالر کی رقوم موصول ہوئیں۔‘