پرانا موبائل نمبر بند یا سِم گم ہو جائے تو ابشر پر نئے نمبر کا اندراج کیسے؟
جمعرات 13 اکتوبر 2022 5:26
موبائل نمبر کا شناخت کے حوالے سے اندراج ضروری ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں ابشر پلیٹ فارم نے موبائل نمبر تبدیل کرنے اور نیا موبائل نمبر درج کرانے کا طریقہ کار جاری کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ابشر پلیٹ فارم کی جانب سے بتایا گیا کہ ’اگر صارف کے پاس پرانا موبائل نمبر موجود ہے اور وہ اس کی مدد سے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرسکتا ہے تو ایسی صورت میں پرانے نمبر سے ابشر پر اندراج کرایا جائے پھر ’معلومات المستخدم‘ (صارف کی معلومات) کے آپشن کا انتخاب کیا جائے۔‘
بعدازاں مطلوبہ معلومات اور نیا موبائل نمبر درج کیا جائے۔ آخر میں نئے موبائل نمبر سے کوڈ محفوظ کرنے اور انٹر کرنے کا انتخاب کیا جائے۔
ابشر پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ ’اگر پرانا موبائل نمبربند یا سم گم ہو جانے سے اکاؤنٹ تک رسائی ممکن نہ ہو تو ایسی صورت میں ابشر خودکار سروس ویب سائٹ کو وزٹ کریں۔ موبائل نمبر اپ ڈیٹ کے آپشن کا انتخاب کیا جائے اور اس کے بعد دیگر کارروائی مکمل کرنے کے بعد ابشر تک رسائی کا اندراج نئے موبائل نمبر پر آنے والے کوڈ کے ذریعے کیا جائے۔‘
بیان کے مطابق ’اگر صارف کے استعمال میں کوئی ایسا موبائل نمبر ہو جو اس کی شناخت کے حوالے سے ریکارڈ پر ہو تو ایسی صورت میں ابشر پر وزٹ کرکے نمبر تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے موبائل نمبر کی تبدیلی والی علامت کا انتخاب کریں اور پھر باقی کارروائی مکمل کی جائے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’موبائل نمبر کا شناخت کے حوالے سے اندراج ضروری ہے۔ 73 برس سے کم عمر کے افراد کے لیے یہ سہولت مہیا ہے۔‘
’اگرابشر خودکار سسٹم کا وزٹ ممکن نہ ہو سکے تو ایسی صورت میں رجسٹرڈ موبائل نمبر تبدیل کرنے کے لیے جوازات (محکمہ پاسپورٹ)، احوال مدنیہ (سول افیئرز) سے رجوع کرکے موبائل ایکٹیو کرنے پر مامور عملے سے ملاقات کی جائے۔‘