Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معیشت کی بحالی، پاکستان توانائی و مالیاتی اصلاحات پر توجہ دے: ورلڈ بینک

اسحاق ڈار نے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز میں تعاون پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا(فوٹو: ڈیوڈ مالپاس ٹوئٹر)
ورلڈ بینک گروپ کے صدر ڈیوڈ مالپاس نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ معیشت مستحکم کرنے اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے کے لیے توانائی اور مالیاتی اصلاحات پر عملدرآمد کرے۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیوڈ مالپاس نے واشنگٹن میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق سے ملاقات کی۔
ملاقات میں انہوں نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ان اصلاحات کے نفاذ پر توجہ مرکوز کرے۔
تباہ کن سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈیوڈ مالپاس نے تسلیم کیا کہ ’پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے جس سے انفراسٹرکچر اور زرعی پیداوار کو تباہ کن نقصان پہنچا ہے۔‘
پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں تعاون پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
’ڈیوڈ مالپاس نے یقین دہانی کرائی کہ ورلڈ بینک سیلاب سے پیدا ہونے والے سماجی و اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔‘
ڈیوڈ مالپاس نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ’وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت کے دوران مجھے پاکستان کی سیلاب سے بحالی کی کوششوں کے لیے ورلڈ بینک گروپ کی حمایت کی توثیق کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کی مالیاتی اور توانائی کی اصلاحات کی اہمیت کے بارے میں ان کے خیالات جان کر خوشی ہوئی۔‘
واضح رہے کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار منگل کو عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے حکام کے ساتھ مذاکرات کے لیے امریکہ روانہ ہوئے تھے۔

شیئر: