Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار آئی ایم ایف کے حکام سے ملاقات کے لیے امریکہ روانہ

اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے معاشی صورت حال اور قرض پروگرام پر بات چیت کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقات کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے معاشی صورت حال اور قرض پروگرام پر بات چیت کریں گے۔ 
گورنر سٹیٹ بینک اور سیکرٹری خزانہ بھی مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے حکام سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ 
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اتوار کو پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے کی پاسداری کریں گے۔ آئی ایم ایف کے جائزہ اجلاس کے لیے میری ٹیم روانہ ہوچکی ہے۔‘
انہوں نے کہا تھا کہ ’میں نے بھی شرکت کرنی ہے اور روانگی سے قبل ان چار چیزوں کی وضاحت ضروری تھی تاکہ ملکی اور بیرونی سطح پر ملکی معیشت کے حوالے سے اہم فیصلوں سے آگاہ کیا جاسکے۔‘
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ڈار نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی وجہ سے معاشی مسائل پیدا ہوئے اور ایل سی کی ادائیگیاں التوا کا شکار ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’میں نے گورنر سٹیٹ بنک سے کہا کہ ایل سی کے حوالے سے مختلف حجم کی ایل سی کے اعدادوشمار اکٹھے کرکے ڈیٹا فراہم کردیں جس پر سٹیٹ بنک آف پاکستان نے ڈیٹا فراہم کردیا ہے۔‘
ڈار نے کہا کہ 50  ہزار ڈالر تک جتنی زیرالتوا ایل سی کی ادائیگیاں تھیں وہ ادا کردی جائیں گی جس سے 50 فیصد ادائیگیوں کے مسائل حل ہوجائیں گے اور کاروباری برادری کے مسائل حل ہوں گے۔

شیئر: