Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کفیل اقامہ تجدید نہیں کرارہا، وزارت افرادی قوت سے کیسے رجوع کریں؟

آجر و اجیر کے مابین اختلافات کوحل کرنے کے لیے خصوصی شعبہ قائم ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے قانون کے مطابق مملکت میں غیرملکی کارکن کا اقامے اورمیڈیکل انشورنس کے اجرا اورتجدید کی ذمہ داری سپانسر کی ہے۔ اس حوالے سے وزارت کا قانون واضح ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹر پرایک شخص نے استفسار کیا کہ’ مملکت سے باہرگئے ہوئے 8 ماہ گزرگئے ہیں، اقامہ کی مدت باقی ہے جبکہ خروج وعودہ ایکسپائرہوچکا ہے، کیا کفیل اپنے ابشر سے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کراسکتا ہے؟ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ خروج وعودہ پرجانے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ مقررہ وقت پرواپس آئیں، کسی وجہ سے مقررہ وقت پرنہ آنے کی صورت میں خروج وعودہ کی مدت میں بیرون مملکت رہتے ہوئے بھی توسیع کرائی جاسکتی ہے تاہم اس کےلیے اقامہ کا کارآمد ہونا ضروری ہے‘۔ 
خیال رہے قانون کے مطابق وہ غیر ملکی جو خروج وعودہ پرجاتے ہیں اورواپس نہیں آتے ان کے خروج وعودہ ایکسپائرہونے کے 6 ماہ بعد خود کارطریقے سے انہیں ’خرج ولم یعد‘ کی کیٹگری میں شامل کردیاجاتا ہے جس کے بعد وہ تین برس تک کسی دوسرے ویزے پرمملکت نہیں آسکتے۔ 
اگرجوازات کے سسٹم میں خروج وعودہ پرگئے ہوئے کارکن کو’خرج ولم یعد ‘ کی کیٹگری میں شامل نہیں کیا گیا ہواورجوازات کے سسٹم میں ان کا اقامہ  کینسل نہ ہواس صورت میں کفیل کے ابشر یا مقیم اکاونٹ کے ذریعے خروج وعودہ کی مدت توسیع کرائی جاسکتی ہے۔ 
خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے لیے ضروری ہے کہ پہلے مطلوبہ مدت کی فیس جمع کرائی جائے اس کے بعد ابشر یا مقیم اکاونٹ پرتوسیع کی کمانڈ دی جائے۔ 

’خرج ولم یعد‘ کی کیٹگری میں شامل ہونے والے تین برس تک کسی دوسرے ویزے پرمملکت نہیں آسکتے( فوٹو ایس پی اے)

یاد رہے بیرون مملکت رہتے ہوئے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کےلیے جمع کرائی جانے والی فیس کےلیے بینک اس کے سداد آپشن کو استعمال کیا جائے جو بیرون مملکت رہنے والوں کےلیے مخصوص ہوتا ہے۔  
جوازات کے ٹوئٹر پرایک شخص نے دریافت کیا کہ’ میرا اقامہ تین ماہ سے ایکسپائرہوگیا ہے، کفیل تجدید نہیں کرا رہا جس کی وجہ سے نہ تو خروج نہائی پرجاسکتا ہوں اورنہ کسی اورجگہ کفالت  تبدیل کراسکتا ہوں، اس صورت میں کیا کروں؟ 
استفسار پرجوازات کا کہنا تھا کہ ’وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی میں آجر و اجیر کے مابین اختلافات کوحل کرنے کے لیے خصوصی شعبہ جسے عربی میں ’تسویہ الخلافات العمالیہ ‘ کہا جاتا ہے موجود ہے۔ اس شعبے میں درخواست دی جائے‘۔ 
کسی بھی اختلاف کی صورت میں وزارت کے شعبے سے رجوع کرکے باقاعدہ دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ وہاں درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے۔ شعبے میں موجود اہلکار کیس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے کفیل کوطلب کریں گے اور مسئلے کا حل پیش کیاجائے گا۔ 

شیئر: