Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جوازات میں سروسز سیز، کفالت کی تبدیلی اور اقامے کا اجرا کیسے؟

اقامے کے اجرا کےلیے کسی قسم کی خلاف ورزی درج نہ ہونا ضروری ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے سپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا ودیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔
 جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے سوال کیا پاسپورٹ کی مدت میں تین ماہ باقی ہیں۔ کیا اقامہ تجدید کرایا جاسکتا ہے؟ 
 سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ’ اقامہ کی تجدید کے لیےغیرملکی کارکن کے پاسپورٹ کی کم از کم مدت 6 ماہ ہونا ضروری ہے۔‘
خیال رہے پاسپورٹ بین الاقوامی سفری دستاویزہوتی ہے جس کا کارآمد ہونا ضروری ہے۔ غیرملکی کارکن کے پاسپورٹ کا اندارج جوازات کے سسٹم میں ہوتا ہے۔ 
پاسپورٹ کی ایکسپائری میں 6 ماہ سے کم وقت ہونے کی صورت میں جوازات کا خود کارڈیجیٹل سسٹم اقامے کی تجدید کے لیے گرین سنگل نہیں دیتا جس کی وجہ سے اقامہ تجدید نہیں کیاجاسکتا۔ 
کارکن کے پاسپورٹ کی مدت 6 ماہ سے کم ہونے کی صورت میں لازمی ہے کہ اس کی مدت میں عارضی طور پراضافہ کیا جائے یا پاسپورٹ کی تجدید کرانے کے بعد نئے پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں کی جائے جسے عربی میں ’نقل معلومات ‘ کہا جاتا ہے۔ 
خیال رہے اگرہنگامی بنیاد پرسفر کرنا ضروری ہو اور پاسپورٹ کی تجدید میں وقت درکار ہواس صورت میں قونصلیٹ یا سفارتخانے سے پاسپورٹ کی مدت میں اضافہ کرایا جاسکتا ہے۔  
 جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’میری سروسز سیز ہیں اس صورت میں کفالت کی تبدیلی اوراقامے کی اجرا ہوسکتا ہے؟‘ 

جب تک خلاف ورزی دور کرکے سسٹم کو اوپن نہ کیاجائے فائل سیز رہتی ہے( فوٹو ٹوئٹر) 

سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ ’کفالت کی تبدیلی اور اقامے کے اجرا کےلیے لازمی ہے کہ جوازات کے مرکزی سسٹم میں درخواست گزار پر کسی قسم کی خلاف ورزی درج نہ ہو‘۔ 
خلاف ورزی درج ہونے کی صورت میں جب تک اسے ختم نہیں کیاجائے گا کفالت کی تبدیلی عمل میں نہیں لائی جاسکتی کیونکہ سسٹم میں سروسز سیز ہونے کی وجہ سے جوازات کا خود کارسسٹم کفالت کی تبدیلی کے عمل کو روک دیتا ہے۔
وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی کے متعلقہ شعبے میں درخواست پرعمل درآمد اس وقت تک معطل رہتا ہے جب تک خلاف ورزی دور کرکے سسٹم کو اوپن نہ کیاجائے۔ 
 خیال رہے ٹریفک چالان کی عدم ادائیگی پربھی غیرملکی کارکن کے اقامے کی تجدید یا کفالت کی تبدیلی کےعمل کو عارضی طورپرروک دیا جاتا ہے۔ جب تک چالان ادا نہیں کیاجاتا جوازات کا خودکارسسٹم کے ذریعے قانونی معاملات کی انجام دہی ممکن نہیں ہوتی۔

شیئر: