متحدہ عرب امارات کے صدرشیخ محمد بن زاید نے اتوار کو ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اماراتی صدر نے شمالی ترکی کی کان میں دھماکے سے ہلاکتوں پرترک صدر اور ترکی کے دوست عوام سے گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا ہے۔
امارات کے صدر نے اس المناک حادثے پر ترکی سے مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
ترک صدر نے ٹیلیفونک رابطے اور ترکی سے متعلق برادرانہ جذبات کے اظہار پر اماراتی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ترک صدر رجب طیب اردوغان کے حوالے سے بتایا تھا کہ’ جمعے کو شمالی ترکی کے صوبے بارتین میں کوئلے کی کان میں دھماکے میں مرنے والوں کی تعداد 41 ہوگئی ہے‘۔
اس سے قبل ترک وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا تھا کہ ’کان میں کام کرنے والے 110 افراد میں سے 58 کو امدادی ٹیموں نے بچا لیا یا وہ خود کان سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے‘۔