غیرقانونی طور پر شکار کھیلنے والے 26 سعودی شہری زیر حراست
اتوار 16 اکتوبر 2022 20:28
شکار کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا ہے(فائل فوٹو سبق)
سعودی عرب میں ماحولیات کی ٹاسک فورس نےغیرقانونی طور پرشکار کھیلنے والے 26 سعودی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے شکار کے لیے استعمال ہونے والا اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ‘ایس پی اے’ کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کےلیے قائم ٹاسک فورس کو اطلاع ملی تھی کہ چند افراد بغیراجازت کے رائل ریزورزمیں شکارکی غرض سے داخل ہوئے ہیں۔
اطلاع ملنے پرماحولیاتی فورس نے ملزمان کا سراغ لگا کرانہیں گرفتارکرلیا۔غیرقانونی طورپرشکار کرنے والوں کے قبضے سے تین بندوقیں، پستول، 10 ایئرگنز، 1453 راونڈز، 5 شکاری جال، 38 پرندوں کوپکڑنے والے جال برآمد ہوئے ہیں۔
تحفظ ماحولیات فورس کے ترجمان کرنل عبدالرحمان العتیبی کا کہنا تھا کہ ’بغیر اجازت کے شکار گاہ میں داخل ہونے پر5 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے جبکہ ممنوعہ مقامات پرشکارکرنے کا جرمانہ بھی پانچ ہزار ریال ہے‘۔
کرنل العتیبی نے مزید کہا کہ’ قانون کے مطابق رپیٹرگن، پرندوں کو شکار کرنے والے جال اور پرندوں کو گھیرنے والے آلات کی استعمال پرایک لاکھ ریال جبکہ ممنوعہ مقامات پرآتشیں اسلحہ کے استعمال پر80 ہزار ریال جرمانہ کیا جاتاہے‘۔
جرمانوں کے تعین کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ’ غیر قانونی طورپرشکارکرنے والوں سے برآمد ہونے والا اسلحہ اورشکار کے لیے استعمال ہونے والے جالوں کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے متعلقہ کمیٹی جرمانوں کا تعین کرتی ہے‘۔