Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چند دن کا وقت دے رہا ہوں، لانگ مارچ اکتوبر میں ہی ہوگا: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے کیونکہ رزلٹ آپ کے سامنے ہے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ حکومت کو چند روز کا وقت دے رہے ہیں جس کے بعد وہ لانگ مارچ کا اعلان کریں گے اور لانگ مارچ اکتوبر ہی میں ہوگا۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے 25 مئی کو کوشش کی کہ آئین میں رہتے ہوئے دباؤ ڈالیں، کیونکہ لوگ حکومت کو تسلیم نہیں کر رہے تھے۔ یہ مہنگائی کم کرنے آئے تھے اور اس کو اوپر لے گئے۔ انڈسٹری بند ہو رہی ہے۔ ملک تیزی سے نیچے جا رہا ہے۔‘
’ایک ہی حل ہے کہ صاف و شفاف الیکشن کروائیں۔ جب تک سیاسی استحام نہیں ہوگا معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں کیونکہ رزلٹ آپ کے سامنے ہے۔ یہ ملک کو تباہی کی طرف لے جائیں گے لیکن الیکشن نہیں کروائیں گے۔ ان کو اب بھی وقت دے رہا ہوں کہ ملک کو تباہ نہ کریں۔ میں اکتوبر میں ہی مارچ کروں گا۔ آپ کے پاس وقت ہے۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’سب کو پتا ہے پبلک کہاں کھڑی ہے۔ مارچ میں پتہ لگ جائے گا کہ لوگ کہاں کھڑے ہیں۔ یہاں ایک دفعہ پبلک سڑکوں پر آ گئی تو سنبھالا نہیں جا سکے گا۔ جب ہم مارچ کا اعلان کر دیں گے تو کوئی گارنٹی نہیں کر سکتا اس کا کیا نتیجہ نکلے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے نتائج ریفرنڈم تھے اور قوم اس حکومت کو نہیں مانتی۔
عمران خان نے الزام عائد کیا کہ ’سندھ  کے ایک حلقے میں دھاندلی ہوئی ہے جس کے سارے ثبوت ہمارے پاس ہیں۔‘
’سندھ کا الیکشن کمشنر سندھ حکومت کے پیرول پر تھا۔ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا خاص آدمی ہے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں ساڑھے تین سال کہتا گیا کہ یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ ’میں چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ کراچی کے ایک حلقے میں دوبارہ پولنگ کرایا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں ساڑھے تین سال کہتا گیا کہ یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔ یہ پاکستان کو ڈیفالٹ کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔ یہ کہہ رہے ہیں کہ 27 ارب ڈالر کو ری شیڈول کیا جائے۔ یہ پہلے ملک کو دو دفعہ بینک کرپٹ کر کے گئے ہیں۔‘
’اگر خداانخواستہ ہم ڈیفالٹ کی طرف چلے گئے تو پاکستان سے ایک قیمت مانگیں گے اور وہ قیمت ادا کر دی تو نیشنل سکیورٹی کا ایشو بن جائے گا۔ میں اسی لیے لانگ مارچ کرنا چاہتا ہوں۔ ان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔‘
تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’اس کے ساتھ ایسا اس لیے کیا گیا کہ اس نے آرمی چیف پر تنقید کر دی تھی۔ کیا دنیا میں آرمی چیف پر تنقید کرنے سے ایسا ہوتا ہے۔ ساری دنیا میں یہ خبر چھپی۔ آرمی چیف اور فوج کی بدنامی ہوئی۔ کیا آئین ہماری عزت کی حافظت نہیں کرتا۔‘

شیئر: