Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیتابھ بچن، بومن ایرانی اور انوپم کھیر ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کو تیار

فلم ’اونچائی‘ 11 نومبر کو ریلیز ہوگی (فائل فوٹو: امیتابھ بچن ٹوئٹر)
بالی وُڈ شہنشاہ امیتابھ بچن، بومن ایرانی اور انوپم کھیر ایک ساتھ بالی وڈ کی نئی فلم ’اونچائی‘ میں نظر آنے والے ہیں۔
منگل کو یوٹیوب پر فلم ’اونچائی‘ کا ٹریلر جاری کیا گیا جس میں تینوں اداکار اپنی اداکاری کا جوہر دکھا رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ ایکٹر ڈینی ڈینزونگپا اور پری نیتی چوپڑا بھی کیمیو کرتے نظر آئیں گے۔
فلم ’اونچائی‘ کی کہانی چار عمر رسیدہ دوستوں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی زندگی بھرپور انداز سے جینا چاہتے ہیں۔
 ان میں سے ایک کے انتقال کے بعد بقیہ تین دوست اس کی ادھوری خواہش پوری کرنے اور آخری رسومات ادا کرنے کے لیے ماؤنٹ ایورسٹ سَر کرنے کی مہم جوئی کرتے ہیں۔
فلم کے ٹریلر کے بارے میں امیتابھ بچن سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھتے ہیں کہ ’اسے ہم پیار اور محبت سے لا رہے ہیں، یہ خاص ہے، یہ اونچائی ہے۔‘
11 نومبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم کو سورج آر برجاتیا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
فلم کے بارے میں یوٹیوب پر صارفین کی جانب سے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
وِمل یادو کہتے ہیں کہ ’یہ ہے اصلی بالی وُڈ جو ہم بڑی سکرین پر دیکھنے کی آرزو رکھتے ہیں۔‘
دیوانش نے لکھا کہ ’کیا زبردست سٹار کاسٹ ہے، یہ ایک شاہکار ہوگی، بڑی عمر کے افراد اس فلم کو بہت پسند کریں گے، میں یہ فلم اپنے دادا دادی کو دکھاؤں گا۔‘
جگجیت راج لکھتے ہیں کہ ’میں پورے ٹریلر میں مسکرا رہا تھا، بہت اچھا محسوس ہورہا ہے، کیا فلم ہے، میں یہ ضرور دیکھوں گا۔‘

شیئر: