Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ناکارہ اور تباہ شدہ گاڑیوں کو جلد از جلد ریکارڈ سے ہٹوایا جائے‘

محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ دی گئی مہلت یکم مارچ 2023 کو ختم ہوجائے گی( فوٹو عکاظ)
سعودی محکمہ ٹریفک نے ناکارہ اور حادثات میں تباہ شدہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے ہٹوانے کے لیے دی گئی مہلت  سے جلد ازجلد فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے بیان میں کہا کہ’ ناکارہ گاڑیاں ریکارڈ سے ہٹوانے کے لیے دی گئی مہلت یکم مارچ  2023 کو ختم ہوجائے گی‘۔ 
سعودی محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’جن لوگوں کی گاڑیاں ٹریفک حادثات میں تباہ ہوگئی ہوں یا ناکارہ کھڑی ہیں وہ انہیں اپنے ریکارڈ سے ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے  ہٹوا سکتے ہیں۔‘ 
سعودی ٹریفک کا کہنا ہے کہ ’ریکارڈ سے گاڑیاں ہٹوانے والوں سے کوئی فیس نہیں لی جارہی ہے۔‘ 
’نئی سہولت کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ کام کسی بھی سرکاری دفتر کا چکر لگائے بغیر آن لائن انجام دیا جاسکتا ہے۔ ناکارہ گاڑی  ریکارڈ سے فورا صاف کردی جاتی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’تباہ شدہ اور ناکارہ گاڑیاں شہر کے تمدنی منظر نامے کو بھی خراب کررہی ہیں‘۔
سعودی ٹریفک نے ریکارڈ سے گاڑیاں ختم کرانے کا طریقہ کار کے حوالے سے بتایا کہ ابشر پلیٹ فارم پر تباہ شدہ یا ناکارہ گاڑیوں کو ریکارڈ سے ہٹانے والی سروس تک رسائی حاصل کریں۔ 
پھر رجسٹرڈ سینٹرز کی فہرست پرجائیں۔ سینٹر کی نشاندہی کرکے گاڑی اوراس کی نمبر پلیٹس حوالے کردیں۔ سینٹر کو امیدوار کے موبائل پر آنے والا کنفرمیشن کوڈ بھی دکھانا ہوگا۔

شیئر: