ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور افغانستان کا وارم اپ میچ بارش کی نذر
شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: ٹوئٹر، ثنا چوہان)
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ سلسلے کا وارم میچ ختم کر دیا گیا ہے۔ تھوڑی دیر قبل میچ بارش کی وجہ سے روکا گیا تھا۔
بدھ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو 155 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تھی۔
قبل ازیں شاہین آفریدی شروع میں ہی افغانستان کے پریشانی کا باعث بنے اور دو بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔
افغان اوپنر رحمان اللہ گربز شاہین شاہ کی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ چند ہی منٹ بعد حضرت اللہ زازئی کی وکٹ بھی گر گئی وہ صرف نو رنز ہی بنا پائے۔
افغانستان کے تیسرے بلے باز درویش حارث رؤف کا شکار ہوئے اور صرف سات رنز پر ہی محمد نواز کو کیچ تھما بیٹھے۔
اسی طرح چوتھی وکٹ محمد نواز نے لی اور نجیب اللہ کو واپسی کی راہ دکھائی۔
اس کے بعد بھی افغانستان کی دو وکٹیں گریں جن میں سے ایک حارث رؤف اور ایک کپتان شاداب خان نے حاصل کی۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے 37 گیندوں پر 51 بنائے جبکہ عثمان غنی نے 20 گیندوں پر 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
17 اکتوبر کو ہونے والے وارم میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 19 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے تھے اور اس ہدف کو انگلینڈ نے بآسانی پورا کر لیا تھا۔