Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیب نے میگا کرپشن کیسز کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کر دیں

نیب نے میگا کرپشن کی تفصیلات 20 اکتوبر تک مانگی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
نیب چیئرمین کی ہدایت پر قومی ادارہ برائے احتساب (نیب) نے میگا کرپشن کیسز کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کردی ہیں اور تمام سابق صدور اور وزرائے اعظم کے کیسز میگا کرپشن کیٹیگری میں شامل کیے جا رہے ہیں۔
سپریم کورٹ نے منگل کو نیب قانون میں ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران نیب میں قانون میں ترامیم کے بعد واپس ہونے والے ریفرنسز کا ریکارڈ محفوظ بنانے کا حکم دیتے ہوئے تمام ریفرنس کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
نیب ہیڈکوارٹرز کی جانب سے ملک بھر میں تمام ریجنل بیوروز سے میگا کرپشن کیسز کی تفصیلات مانگ لی گئی ہیں تاکہ ریکارڈ مرتب کرنے کر کے سپریم کورٹ میں پیش کیا جا سکے۔
منگل کو ہی نیب کے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے اپنے ریجنل دفاتر کو خط لکھ کر میگا کرپشن کی تفصیلات 20 اکتوبر تک مانگی گئی ہیں۔
خط میں میگا کرپشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے کیسز جن میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، سابق وفاقی اورایڈیشنل سیکریٹریز کا نام آئے انہیں اس فہرست میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسی طرح عوام الناس سے دھوکہ دہی کے کیسز بھی میگا کرپشن میں شامل کیے جائیں گے۔
ریجنل نیب بیوروز کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے قیام سے اکتوبر 2022 تک ایسے تمام کیسز کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

شیئر: