Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کارکن احتجاج ختم کردیں اور لانگ مارچ کی تیاری کریں: عمران خان

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ’میں عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ ایک جانبدار چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے کے خلاف سٹرکوں پر نکلے اور مظاہرے کیے۔‘
جمعے کو اسلام آباد سے جاری ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ’احتجاج کرنے والے مظاہرہ ختم کردیں، آپ سب تیاری کریں، ہم سب سے بڑا لانگ مارچ کریں گے، اب احتجاج لانگ مارچ پر ختم نہیں ہوگا، حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’اس نے ایک سازش کے تحت ایک مافیا کا حصہ بن کر میرے خلاف فیصلہ دیا جس کے خلاف قوم سٹرکوں پر نکل آئی۔‘
’چیف الیکشن کمشنر نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے مل کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو مسترد کردیا اور ہمارے موقف کو تسلیم نہیں کیا۔‘
عمران خان کے مطابق ’سینیٹ الیکشنز میں یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا، لیکن چیف الیکشن کمشنر نے اس کے خلاف کارروائی نہیں کی بلکہ ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیے ہیں۔‘
’ہم نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے رات کو ہی پارٹی ارکان کو واٹس ایپ کے ذریعے بتا دیا تھا کہ کل یہ مجھے نااہل کردیں گے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ ’میں ساری قوم کے سامنے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک میری زندگی ہے میں ان چوروں اور مافیاز کا مقابلہ کروں گا۔ ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ کروں گا۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ کروں گا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’میرے خلاف دہشت گردی کے کیسز درج کرائے گئے۔ شہباز گل کے خلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کیے گئے۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’‏25 مئی کو پولیس نے بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا، وہ سائفر آج بھی موجود ہے جس کے بعد ہماری حکومت گرائی گئی۔‘
’عدالتوں نے مجھے صادق اور امین قرار دیا، میں نے جو بھی خریدا سب کی رسیدیں میرے پاس موجود ہیں، نواز شریف سب سے بڑا چور ہے، اس کے پاس اربوں ڈالر مالیت کی جائیداد ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مافیاز پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مجھے اور نواز شریف کو ایک جیسا دکھایا جا رہا ہے۔‘
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں احتجاج کرنے والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘

شیئر: