پاکستان بمقابلہ انڈیا: ’ساؤتھ ایشیا سے آسٹریلیا تک پِن ڈراپ سائلنس‘
اتوار 23 اکتوبر 2022 7:58
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’آخر وہ دن آ ہی گیا‘ جب آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے حریف پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے ہوں گے۔
پُر جوش پاکستانی کرکٹ شائقین جیت کےلیے پُر امید نظر آ رہے ہیں تو دوسری طرف انڈین کرکٹ فینز کی نیک تمنائیں بھی کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں۔
میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھی شائقین کو یقین دلایا ہے کہ وہ ’ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور ’کھلاڑی 100 فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔‘
کرکٹ کا یہ جادو سوشل میڈیا صارفین کے بھی سر چڑھ کر بول رہا ہے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر دونوں ملکوں کے صارفین اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کرتے ہوئے ہمت بڑھا رہے ہیں۔
ٹوئٹر صارف ابو بکر نے لکھا کہ ’ساؤتھ ایشیا سے آسٹریلیا تک گلیوں میں پِن ڈراپ سائلنس ہوگا، بہترین کھلاڑی میلبورن کو شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچا دیں گے۔‘
ایک اور صارف اورنگزیب بلوچ نے لکھا کہ ’ویسے جتنا پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ دیکھنے میں مزہ آتا ہے کسی بھی میچ میں مزہ نہیں آتا۔ یہ میچ دِلوں کی دھڑکنوں کو تیز کر دیتا ہے۔‘
ارم شہزادی کے نام سے توئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’محنت اور لگن کے ساتھ ہر میچ کھیلتے رہو۔ ان شاءاللہ جیت آپ کا مقدر ہوگی اور پوری پاکستانی قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’تمام انڈین اور پاکستان کرکٹ فینز، آخر وہ دن آ ہی گیا۔‘
انڈیا بمقابلہ پاکستان میچ کے منتظر شائق نے کپتان بابر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ بابر جانی بات سنو، انڈیا سے میچ جیتو اور گھر آجاؤ، نہیں چاہیے ورلڈ کپ، اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو۔‘
سوشل میڈیا یوزر آشوتوش سری واستو تصویر شیئر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’آج کچھ ایسا ہوگا جب پاکستان انڈیا کے روہت شرما، وراٹ کوہلی اور کے ایل راہُل کا سامنا کرے گا۔‘
جیت کے لیے پُر امید انڈین ٹوئٹر یورز گوپی لکھتی ہیں کہ ’میچ ہارنے کے بعد ٹویٹ ڈیلیٹ کرو گی یا نہیں پیاری پاکستانی بہنو۔‘
یاد رہے ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 20 مرحلے کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو 89 رنز سے شکست دے تھی۔
سنیچر کو سڈنی کے سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا تھا۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ نیوز لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں نقصان پر 200 رنز بنائے۔