ٹی 20 ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا چار وکٹوں سے کامیاب
ٹی 20 ورلڈ کپ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا چار وکٹوں سے کامیاب
اتوار 23 اکتوبر 2022 10:40
ارشدیپ سنگھ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: آئی سی سی)
ٹی20 ورلڈ کپ میں گروپ ٹو کے پہلے میچ میں انڈیا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے 160 رنز کا ہدف 20 ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ وراٹ کوہلی 82 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اپنی ٹیم کی جیت میں بنیادی کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدا میں انڈین فاسٹ بولرز کے آگے پاکستانی بیٹنگ لائن بے بس نظر آئی۔ لیکن گرین شرٹس نے شان مسعود کے 52 اور افتخار احمد کے 51 رنز کی بدولت 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا اور ارشدیپ سنگھ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
انڈیا کی اننگز
160 رنز کے تعاقب میں کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا محتاط آغاز کیا لیکن راہل زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور چار رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
انڈین کپتان روہت شرما بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور چار رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر افتخار احمد کو سلپ میں کیچ تھما بیٹھے۔
حارث رؤف نے اپنی تباہ کن بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے دوسرے اوور میں خطرناک بیٹر سوریا کمار یادو کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
ٹو ڈاؤن آنے والے آل راؤنڈر اکشر پٹیل صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد انڈین ٹیم نہائیت دباؤ مں تھی لیکن وراٹ کوہلی اور ہاردک پانڈیا نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 113 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔
آخری اوور میں انڈیا کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے اور گیند محمد نواز کے ہاتھ میں تھی۔ انہوں نے اپنی پہلی گیند پر پانڈیا کو 40 رنز پر آؤٹ کر کے ایک بار پھر مومینٹم پاکستان کے حق میں کر دیا۔ نواز نے اگلی دو گیندیں بھی عمدہ کیں لیکن پھر ان کی ایک فل ٹاس پر، جسے امپائر نے نو بال قرار دیا، کوہلی نے چھکا لگا دیا۔ اس سے اگلی بال پر وراٹ کوہلی بولڈ ہوگئے لیکن فری ہٹ ہونے کی وجہ انڈیا کے سٹار بلے باز آؤٹ تو نہ ہوئے لیکن بائی کے تین رنز بن گئے۔
آخری اوور اس قدر سنسنی خیز تھا کہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد سمیت دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھی دباؤ میں نظر آ رہے تھے، نواز نے اپنی پانچویں گیند پر دنیش کارتک کو سٹیمپ آؤٹ کر دیا اور یوں دو گیندوں پر دو رنز رہ گئے۔ لیکن اس سے اگلا بال انہوں نے وائڈ کر کے سکور برابر کروا دیا اور آخری گیند پر اشون نے چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کروایا۔
انڈیا کی جیت کے بعد وراٹ کوہلی جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو بھی آ گئے۔ انہوں نے 53 گیندوں پر 82 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔
کوہلی کو ان کی عمدہ کارکردگی پر میچ آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
میچ میں پاکستان کو چھٹے بولر کی کمی محسوس ہوئی جو آخر میں ناکامی کا سبب بھی بنی۔
پاکستان کی اننگز
گرین شرٹس کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن دنیائے کرکٹ کی بہترین اوپنگ جوڑی انڈین سیمرز کے آگے آج بے بس نظر آئی اور بابر اعظم ارشدیپ سنگھ کی پہلی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
ارشدیپ سنگھ جنہیں ایشیا کپ میں محمد آصف کا کیچ چھوڑنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، آج کے میچ میں اپنے تمام ناقدین کا منہ بند کرتے نظر آئے۔ بابر کو اپنے پہلے اوور میں ہی رخصت کرنے کے بعد اپنے دوسرے اوور میں انہوں نے محمد رضوان کو بھی کیچ آؤٹ کر دیا۔
ابتدائی نقصان کے شان مسعود اور افتخار احمد نے ٹیم کی ڈوبتی ناؤ کو سہارا دیا۔ دونوں کے درمیان 76 رنز کی شراکت داری بنی، جس کے بعد افتخار احمد 34 گیندوں پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر محمد شامی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے اکشر پٹیل کے ایک اوور میں تین چھکے لگائے۔
چوتھے آؤٹ ہونے والی کھلاڑی شاداب خان تھے جو ہاردک پانڈیا کی گیند پر ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ پکڑا بیٹھے۔ پانڈیا نے اسی اوور میں حیدر علی کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔
محمد نواز نو رنز بنا کر ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔
ڈیتھ اوورز میں بھی ارشدیپ سنگھ نے وکٹیں لینے کا سلسلہ جاری رکھا اور محمد آصف کو کیچ آؤٹ کر دیا۔
گرین شرٹس کو جب رنز کی ضرورت تھی تو نویں نمبر پر آنے والے شاہین شاہ آفریدی نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا۔ وہ آٹھ گیندوں پر 16 رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آخری 10 اوورز میں پاکستان نے 99 رنز بنائے۔ شان مسعود 42 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
’نیا بال نکالنے کے بعد یہ ایک خوبصورت بیٹنگ پچ ہے‘
انڈین کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر کہا کہ ’پچ اچھی لگ رہی ہے اور اس پر تھوڑی گھاس بھی ہے، بال کچھ سوئنگ ہوگا، تو ہم فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔‘
قبل ازیں کرکٹ ماہر مائیکل کلارک نے پچ کا معائنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ یہ ایک بہت خوبصورت پچ ہے جس پر تھوڑی گھاس بھی ہے اور یہ سخت ہے۔ نیا بال نکالنے کے بعد یہ ایک خوبصورت بیٹنگ پچ ہے۔‘
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا باضابطہ طور پر یہ پہلا میچ ہے۔ اس سے قبل ستمبر میں ہونے والے ٹی20 ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں دو بار مدمقابل آئیں تھیں، جن میں سے پہلا میچ انڈیا اور دوسرا پاکستان نے جیتا تھا۔
دونوں ٹیموں کے سکواڈ
پاکستان: محمد رضوان، بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، شاداب خان، حیدر علی، افتخار احمد، محمد نواز، محمد آصف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف۔
انڈیا: روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل، وراٹ کوہلی، سوریا کمار یادو، ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، محمد شامی، بھونیشور کمار، ارشدیپ سنگھ۔