Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز! تو میرا میچ وِنر ہے‘، کپتان بابر اعظم کی افسردہ محمد نواز کو تسلی

بابر اعظم کو ٹیم کی ہمت بندھاتے ہوئے اور کھلاڑیوں کو تسلی دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔(فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اتوار کو میلبرن میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے۔
گو کہ پاکستان نے یہ میچ ہارا لیکن آخری گیند تک مقابلہ لے جانے اور اس ٹورنامنٹ کا بہترین میچ بنانے پر کرکٹ شائقین پاکستانی ٹیم کو داد بھی دے رہے ہیں۔
اتوار کی رات کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ڈریسنگ روم کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑی دکھی نظر آرہے ہیں اور پاکستان  کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن، کوچ ثقلین مشتاق اور کپتان بابر اعظم کھلاڑیو کو تسلی دیتے اور ہمت بندھاتے نظر آرہے ہیں۔ 
انڈیا کے خلاف آخری اوور پاکستانی کھلاڑی محمد نواز نے کیا تھا جس میں انڈین بیٹسمین مطلوبہ 16 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔ 
ویڈیو میں محمد نواز کو ڈریسنگ روم کے ایک کونے میں سر پکڑے مغموم اور ’روتے‘ دیکھا جاسکتا ہے۔
بابر اعظم کو ٹیم کی ہمت بندھاتے ہوئے اور کھلاڑیوں کو تسلی دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔
ڈریسنگ روم میں گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا ’ ہم نے کوشش کی ہے اور ہمارے ہاتھ میں کوشش کرنا ہی ہے۔ کچھ غلطیاں ہوئیں۔ ان سے سیکھنا ہے۔ گرنا نہیں ہے۔ ابھی ٹورنانمنٹ شروع ہوا ہے۔ ابھی بہت میچز پڑے ہیں۔‘
’کسی ایک بندے وجہ سے شکست نہیں ہوئی بلکہ ہم سب ہارے ہیں۔ کوئی کسی پہ انگلی نہ اٹھائے کہ اس نے ہرایا۔ یہ ہماری ٹیم میں نہیں ہوگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ جو تھوڑی تھوڑی غلطیاں ہیں ہم نے بطور ٹیم ان پر کام کرنا ہے۔‘
بابر اعظم نے کونے میں سر جھائے بیٹھے محمد نواز جو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ خاص طور پر نواز! کوئی مسئلہ نہیں تو میرا میچ وِنر ہے۔ ہمیشہ مجھے تم پر بھروسہ رہے گا جو مرضی ہو جائے۔’
بابراعظم پنجابی زبان میں محمد نواز سے کہا ’ سر جھکانا نہیں ہے۔ تم مجھے اگلے میچ بھی جتواؤ گے۔ بہت اچھی کوشش تھی۔ پریشر والا اوور تھا لیکن آپ اتنا قریب لے کر گئے۔ ویری ویلڈن۔‘
بابر اعظم کی گفتگو کے بعد ڈریسنگ روم میں موجود کھلاڑیوں نے تالیاں بجائیں۔

پاک بھارت کلاسک میچ تھا: رمیز راجہ

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم گیند اور بلے کے ساتھ جو کرسکتی تھی وہ کر کے دکھایا۔
پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرے پر تبصرہ کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ ’پاک بھارت کلاسک میچ تھا، قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی جس پر فخر ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ آپ کچھ جیتے اور کچھ ہارتے ہیں، سب جانتے ہیں یہ کھیل ظالمانہ اور غیرمنصفانہ بھی ہوسکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے گیند اور بلے سے وہ کیا جو کرسکتے تھے۔

شیئر: