واٹس ایپ پر شادی شدہ خاتون کو’ ورغلانے‘ کی کوشش‘ مقامی شہری کو 5 برس قید
خاتون کا نجی نمبر ڈیوٹی کے دوران حاصل کیا تھا ( فائل فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں الاحسا میں فوجداری کی عدالت نے شادی شدہ خاتون کو ہراساں کرنے پر مقامی شہری کو پانچ برس قید کی سزا سنائی ہے۔
عکاظ اور العربیہ نیٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے مقامی شہری کے خلاف فرد جرم عائد کی تھی کہ ’اس نے شادی شدہ خاتون کو واٹس ایپ واٹس اپ پر پیغامات بھیج کر اسے ورغلانے کی کوشش کی تھی۔ اس نے ایسا کرکے سماجی آداب اور نجی زندگی کے تقدس کو پامال کیا‘۔
عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ’ ملزم نے خاتون کا نجی نمبر سرکاری اہلکار کی حیثیت میں اپنی ڈیوٹی کے توسط سے حاصل کیا تھا‘۔
’سرکاری عہدیدار اپنی ڈیوٹی کے دوران ملنے والی نجی معلومات استعمال کرنے کے مجاز نہیں۔ سرکاری اداروں سے رجوع کرنے والوں کی نجی معلومات کو صیغہ راز میں رکھنا ان کی ذمہ داری ہے‘۔
عدالت نے ملزم نے اعتراف کیا تھا کہ’ جس نمبر سے وہ خاتون کو پیغامات بھیجتا رہا ہے وہ اس کا اپنا نمبر ہے اور اس نے خاتون کا نمبر ڈیوٹی کے دوران اپنی سرکاری ذمے داری ادا کرتے ہوئے حاصل کیا تھا۔ یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ خاتون کو ورغلانے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتا رہا‘۔
عدالت نےاعترافی بیان کے بعد ملزم کو پانچ برس قید کی سزا سنائی اور موبائل ضبط کرنے کا حکم دیا۔ مزید چھ ماہ قید کی سزا نشان عبرت بنانے کے لیے سنائی گئی ہے۔