سابق شوہر کو واٹس ایپ پر برا بھلا کہنے پر خاتون کو جرمانہ
ابوظبی کی عدالت نے خاتون کو 10 ہزاردرہم ادا کرنے کا حکم صادر کردیا(فوٹو، ٹوئٹر)
ابوطبی کی ایک عدالت نے عدالت نے سابق شوہر کو واٹس ایپ پر برا بھلا کہنے پر ایک مطلقہ خاتون کو 10 ہزار درھم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق ایک شحص نے عدالت میں دعوٰی دائر کیا کہ ان کی مطلقہ نے واٹس اپ پر انہیں انتہائی نازیبا کلمات ارسال کیے جس سے انہیں سخت ذہنی اذیت پہنچی۔
مدعی نے عدالت سے ہرجانے کے طور پر ایک لاکھ درہم ادا کرانے کا مطالبہ کیا۔
عدالت میں دائر دعوے میں کہا گیا تھا کہ ’ان کے دوبچے تھے۔ طلاق کے بعد خاتون بچوں کو لے کر ملک سے چلی گئیں۔ تقریباً ایک برس بعد وہ واپس آئیں۔‘
مدعی کے مطابق ’بچوں کو دیکھنے کے لیے خاتون سے رابطہ کیا تو انہوں نے واٹس اپ پر انتہائی نامناسب کلمات بھیجے، جس سے انہیں شدید ذہنی تکلیف پہنچی۔‘
عدالت میں مدعی نے واٹس پرموصول ہونے والے تمام پیغامات پیش بھی کیے جس سے اس کا دعوٰی درست ثابت ہوا۔
عدالت نے اپنا فیصلہ صادر کرتے ہوئے خاتون کو اس امر کا پابند کیا کہ وہ سابق شوہر کے بارے میں نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے پر 10 ہزار درہم بطور جرمانہ ادا کریں۔