Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’2023 میں عالمی معیشت کا منظر نامہ دھندلاہٹ کا شکار ہے‘

گلوبلائزیشن کے تناظر میں صورتحال جیسی ہے ویسی رہے گی۔ (فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزیر سرمایہ کاری انجینیر خالد الفالح نے کہا ہے کہ ’افراط زر میں اضافے اور قوت خرید میں کمی کے باعث 2023 میں بین الاقوامی معیشت کا منظرنامہ دھندلا ہے۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے تجارتی پالیسیوں کے بارے میں کوئی قیاس آرائی نہیں کی جاسکتی۔‘
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق خالد الفالح منگل کو ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انشیٹو فورم کے ایک مباحثے میں نئی اقتصادی صورتحال پر اظہار خیال کررہے تھے۔ 
خالد الفالح نے تجارت اور سپلائی چین کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’گلوبلائزیشن کے تناظر میں صورتحال جیسی ہے ویسی رہے گی۔ ہر ملک اپنی مجموعی قومی پیداوار مختلف صنعتوں میں لگائے گا۔‘ 

کچھ مشکلات پیش آئیں گی اس کے ساتھ کچھ مواقع بھی ملیں گے (فوٹو: ایس پی اے)

خالدالفالح سے دریافت کیا گیا کہ موجودہ حکومتیں درپیش مشکل حالات میں کس طرح کامیاب ہوسکیں گی اور صورتحال سے خود کو کس طرح  ہم آہنگ کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’بہت سارے چیلنج ہیں اور تیز رفتاری سے نقصانات ہورہے ہیں۔ اگر ہم طویل مدت کے حوالے سے بات کریں تو مختصراً یہ کہا جاسکتا ہے کہ ایک طرح کی تبدیلی سے کچھ مشکلات پیش آئیں گی اور اس کے ساتھ کچھ مواقع بھی ملیں گے۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’توانائی، تجدد پذیر توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے فن لینڈ کے ہم منصب سے گفتگو کی تھی۔ ہمیں یقین ہے کہ اقتصادی تبدیلی اعلیٰ شرح کے ساتھ افراط زر اور منافع کی  بڑھتی ہوئی شرح جیسے متعدد مسائل چھائے ہوئے ہیں۔ ان حالات میں شرح نمو اور آمدنی کم ہوگی۔ ہمیں شرح نمو پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ اس کی رفتار کم ہوگی البتہ ٹیکنالوجی اور جدید عالمی نظام میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت سارے منافع بخش مواقع بھی ہاتھ آئیں گے۔‘

سعودی وژن 2030 کو مستقبل کی دنیا کے حوالے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ ’سعودی وژن 2030 کو مستقبل کی دنیا کے حوالے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ہم اس ماحول میں 10، 15 سال گزاریں گے۔ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آج ہم جو کچھ دیکھ رہے ہیں اور مستقبل قریب میں جو کچھ پیش آئے گا اس کی منصوبہ بندی کس طرح  کی۔‘ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: