زیورات کی نمائش: ’شادی ہے یا تقسیم انعامات کی تقریب ہو رہی ہے‘
بدھ 26 اکتوبر 2022 14:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دیکھنے والوں نے زیورات کی نمائش پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا (فوٹو: ویڈیو گریب)
شادیوں پر ایک دوسرے سے برتری حاصل کرنے کی خاطرناپسندیدگی کے باوجود جہیز اور پر تکلف کھانوں کا رواج توعام ہے، لیکن مہنگے تحائف کی باقاعدہ نمائش اور فوٹو سیشن کی نوبت کم ہی آتی ہے۔
پاکستانی ٹائم لائنز پر ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں شادی کی تقریب کے دوران کئی افراد ٹرے میں زیورات سجائے نمایاں ہیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی میں شریک افراد کے ہاتھوں میں قیمتی زیورات ہیں، جن کی ایک قطار میں کھڑے ہو کر نمائش کی جا رہی ہے۔
ویڈیو کے مناظر میں دلہا سمیت مختلف افراد کو قیمتی گھڑیاں پہناتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو ٹائم لائنز پر وائرل ہوئی تو دیکھنے والوں کی بڑی تعداد نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔
عزہ سید کہتی ہیں کہ ’شادی ایک کاروباری ڈیل بن گئی ہے، ایسے لگ رہا ہے کہ لوگ اپنے بچوں کی شادی نہیں کرتے بلکہ انہیں بیچ رہے ہیں۔‘
اویس ملک نے لکھا کہ ’ماضی میں دلہن والے اس سے پہلے پورے گاؤں کے لیے جہیز کی نمائش کرتے تھے، یہ ایک نئی طرز ہے۔‘
منیبہ اقبال نے کہا کہ ’مسئلہ مہنگے تحفے دینے یا خریدنے میں نہیں ہے، مسئلہ دنیا کو دکھانے میں ہے نہ کہ اپنا رشتہ مضبوط کرنے میں۔‘
محمد حزران لکھتے ہیں کہ ’یہ بے رحم دکھاوا ہے، شادیاں آج کل بزنس ڈیل بن گئی ہیں، انہیں خدا کے لیے آسان بنائیں۔‘
سعد نے اپنے طنزیہ تبصرے میں لکھا کہ ’پیسے درختوں پر اگتے ہیں شاید۔‘
شادی کی ویڈیو میں دکھائے گئے مناظر پر تبصرہ کرتے ہوئے کئی ٹویپس نے تجویز دی کہ اس مرحلے پر جہیز کی نمائش اور دکھاوے پر توجہ دینے کے بجائے ہمیں نئے جوڑے سے مفید تجربات شیئر کر کے انہیں وہ مواقع مہیا کرنے چاہیں جو ان کی آئندہ زندگی کے لیے مفید ہوں۔