Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، اسٹیبلشمنٹ کا کردار نہیں: فیصل واوڈا

فیصل واوڈا کے مطابق ’ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا‘ (فائل فوٹو: ارشد شریف ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ’ارشد شریف کا قتل ہوا ہے جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے۔ یہ حادثہ نہیں ہے۔‘
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور پاکستان واپس آنا چاہتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کروانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔‘
ان کے مطابق ’ارشد شریف کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون نہیں ملے گا کیونکہ سب شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے یا بہت قریب سے مارا گیا ہے۔ ایک گولی سر پر اور ایک سینے پر لگی۔ گولیاں دور سے نہیں لگیں۔‘
’جو کہانی سنائی گئی کہ بچہ اغوا ہوا جھوٹ ہے۔ اگر بچہ گاڑی میں موجود تھا تو ایسے کون گولیاں مارتا ہے۔ ارشد شریف کا قتل ہوا ہے۔ ہمیں ارشد شریف کی فیملی کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا چاہے اس کی کوئی بھی قیمت ہو۔‘
فیصل واوڈا نے کہا کہ ’مجھے کچھ ہوا تو میں نے ویڈیو بنا دی ہے اور اس میں نام بھی بتا دیے ہیں۔ اگر مجھے مارا گیا تو جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں وہ بھی دو تین گھنٹے میں مارے جائیں گے۔‘
’ارشد شریف ملک چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھا اسے مجبور کیا گیا۔ وہ دبئی پہنچا تو کہا گیا کہ کسی نامعلوم ادارے یا اسٹیبلشمنٹ نے وہاں سے نکلوایا یہ بھی جھوٹ بات ہے۔ اس سازش کے تانے بانے کچھ اور ہیں۔‘
واضح رہے کہ ارشد شریف کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین کا موقف فیصل واوڈا سے مختلف ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے ارشد شریف کی ہلاکت کو ’ٹارگٹ کلنگ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں نے اسے کہا تھا کہ تمہاری جان کو خطرہ ہے ملک چھوڑ کر چلے جاؤ۔‘
منگل کو پشاور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ارشد شریف کو پتا تھا کہ ان کی جان خطرے میں ہے، اسے بار بار وارننگز آرہی تھیں میں نے اسے بتایا، لیکن اس کے باوجود وہ راہِ حق سے پیچھے نہیں ہٹا۔‘


عمران خان نے کہا کہ ’ارشد شریف کو پتا تھا ان کی جان خطرے میں ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

فیصل واوڈا نے لانگ مارچ کے حوالے کہا کہ ’مجھے اس مارچ کے اندر جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں۔ میں ان لوگوں کو چند لوگوں کی سازش کے ذریعے نہیں مرنے دوں گا۔‘
’آنے والے دنوں میں کئی لاشیں گرنے والی ہیں۔ اہم شخصیات اور عام آدمی بھی ہو سکتے ہیں۔ میں ان کے ساتھ بھی کھڑا رہوں گا۔‘
فیصل واوڈا نے کہا کہ ’ارشد شریف کو دبئی کوئی عام آدمی کینیا میں نہیں بھجوا سکتا تھا۔ وہ کینیا میں کیا کرتا رہا اس کے پیچھے کچھ لوگ ہیں جو اپنی خواہشات کے لیے لوگوں کو مروانا چاہتے ہیں۔‘
’ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا وہ واپس آنا چاہتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کروانے میں کوئی کردار نہیں تھا۔‘
ان کا کہنا تھا ’جب وہ پاکستان آنے کو تیار ہوا تو سازش کی کہ اسے مروا دیتے ہیں۔ جب ارشد شریف ملک سے گیا تو تب سے اب تک میں اس سے رابطے میں تھا۔ میرے فون کا فورینزک کروایا جا سکتا ہے۔‘
’اس کہانی کے مقاصد ابھی حاصل نہیں ہوئے ہیں۔ مارچ کے حوالے سے سازش رچائی گئی ہے۔ اس سازش کے پلیئرز پاکستان میں ہیں اور ان کے انٹرنیشنل رابطے ہیں۔‘

شیئر: