سعودی اینیمی ایکسپو کا افتتاح، لائیو پرفارمنس، جاپانی سٹائل آرٹ اور موسیقی
سعودی اینیمی ایکسپو کا افتتاح، لائیو پرفارمنس، جاپانی سٹائل آرٹ اور موسیقی
جمعہ 28 اکتوبر 2022 22:39
سعودی عرب کا اینیمی کلچر کے ساتھ پرانا تعلق ہے ( فوڈو ایس پی اے)
سعودی اینیمی ایکسپو کا آغازہو گیا جو ریاض سیزن کا حصہ ہے۔ منتظمین نے لائیو پرفارمنس، بہترین جاپانی سٹائل آرٹ اور موسیقی کا وعدہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق افتتاحی تقریب میں سعودی عرب میں جاپان کے سفیر فومیو ایوائی، سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سی ای او فیصل بافارات ، مانگا پروڈکشن کے سی ای او ڈاکٹر عصام بخاری، گراؤنڈ ورکس کے سی ای او یاسوہیرو کامیورا اور شوئیشا انکارپوریشن کے جنرل مینیجر تاکانوری اسدا شامل تھے۔
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سی ای او فیصل بافارات نے کہا کہ ’ اس سال کے ایونٹ میں شائقین کے لیے 30 سے زیادہ تجربات ہیں۔ یہ ایکسپو ریاض سیزن میں مواد کے تنوع کا ثبوت ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کا اینیمی کلچر کے ساتھ پرانا تعلق ہے جس نے ہر عمر کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے‘۔
فیصل بافارات نے کہا کہ ’ 2019 میں ایکسپو کی کامیابی کے بعد ہم نے جاپان کے ساتھ کئی شراکتوں پر کام کیا اور 2022 میں اینیمی ایکسپو اسی تعاون اور شراکت کا نتیجہ ہے‘۔
تین روزہ نمائش شائقین کو اپنے پسندیدہ کرداروں کے ساتھ بات چیت کرنے، مشہور شخصیات کی لائیو پرفارمنس میں شرکت کرنے، پروڈیوسروں اور وائس اداکاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کی اجازت دے گی۔ مقامی اور بین الاقوامی کاس پلے مقابلے بھی ہوں گے اور تازہ ترین اینیمی فلموں کی نمائش بھی ہو گی۔
گراؤنڈ ورکس کامیورا نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ پہلا موقع ہے جب میں نے سعودی عرب میں کسی تقریب میں شرکت کی ہے، میں ایکسپو کے سائز سے بہت خوش اور حیران ہوں۔ میں نے دنیا میں بہت سی اینیمی نمائشوں میں حصہ لیا لیکن پہلی بار اس عظیم ورائٹی کو ایک ہی جگہ دیکھا ہے۔ میں ان سعودیوں کی تعداد سے خوش ہوں جو جاپانی کاروبار کو پسند کرتے ہیں‘۔
ایکسپو میں مختلف اینیمی کرداروں سے متعلق مختلف اصلی مصنوعات فروخت کرنے والی دکانیں اور ریستوران ہوں گے جہاں جاپانی کھانوں کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔