القیصومہ ائیرپورٹ کی توسیع مکمل، سالانہ 7 لاکھ مسافر سفر کریں گے
ہفتہ 29 اکتوبر 2022 21:20
توسیع مملکت کے وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے( فوٹو عاجل)
سعودی عرب کی حفرالباطن کمشنری میں القیصومہ ائیرپورٹ کی توسیع کا کام مکمل کرلیا گیا۔ اتوار 30 اکتوبر کو افتتاح کیاجائے گا۔
توسیع وترمیم کے بعد قیصومہ ایئرپورٹ سے سالانہ 7 لاکھ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جاسکے گی۔
عاجل نیوز کے مطابق سعودی ٹی وی ’الاخباریہ ‘ نےحفرالباطن کمشنری کے قیصومہ ایئرپورٹ کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ ’ایئرپورٹ 1962 میں قائم کیا گیا تھا ۔اس وقت بیشترمسافر آرامکوکمپنی کے تھے جو اسےاستعمال کرتے تھے‘۔
ایئرپورٹ کی تاریخی توسیع مملکت کے ویژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ توسیع کے بعد یہاں بڑی تعداد میں مسافروں کی آمد ورفت متوقع ہے۔
القیصومہ ایئرپورٹ پراندرون اوربیرون ملک سفر کے ٹرمینل بنائے گئے ہیں جبکہ روانگی کے ٹرمینل کی بھی غیرمعمولی توسیع کی گئی ہے۔
توقع کی جارہی ہے کہ ایئرپورٹ کی توسیع سے علاقے کی معاشی صورتحال پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے جس سے حفرالباطن کا شمار مشرقی ریجن کے لیے ایک ٹرانزٹ کی صورت اختیار کرجائے گا۔
حفرالباطن چیمبرآف کامرس کے سیکرٹری جنرل انروالشامی نے بتایا کہ’ قیصومہ ایئرپورٹ کی توسیع سے تاجربرادری کو سہولت ہوگی جس سے علاقے میں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا‘۔
واضح رہے حفر الباطن کمشنری کی آبادی دس لاکھ سے زائد ہے جبکہ کمشری کے زیر انتظام 27 قصبے اوردیہات آتے ہیں۔